پاک انگلینڈ سیریز کے لیے 29 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ آج ہوں گے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کرکٹرز کو2 مرتبہ ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ جانے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل اور اسپورٹس سائنسسز ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق کورونا پازیٹو آنے پر کھلاڑی 7 روز آئسولیٹ رہےگا،مزیدٹیسٹ پربھی نتیجہ مثبت رہاتو واپس بھجوایاجائے گا، کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے والے کھلاڑی منفی ٹیسٹ آنے پر انگلینڈ جا سکیں گے جب کہ کسی کھلاڑی کی برطانیہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی تو اسےآئسولیٹ کردیا جائے گا۔
وبائی بیماری کے ٹیسٹ لاہور، راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں ہوں گے۔ ٹیسٹ کلیئر کرنے والے کھلاڑی24جون کو لاہور پہنچیں گے۔دوسرے مرحلے میں وائرس ٹیسٹ 25تاریخ کو متوقع ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور3 ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے قومی دستہ 28 جون کو خصوصی پرواز سے مانچسٹر روانہ ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر میں 14 دن قرنطینہ میں گزارے گی۔
