راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ بنے گا۔ جو لوگ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کیخلاف سازشیں کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اسلامیان پاکستان متحد ہیں اور تمام سازشوں کو اپنے اتحاد اور یکجہتی سے ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم پاکستان کے حوالے سے ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ کے باہر قومی پرچم لہرانے کی ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق سلیم نے قومی پرچم لہرایا جبکہ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، سابق ایم پی اے محمد حنیف چودھری، صدر جے آئی یوتھ پنجاب شمالی اویس اسلم مرزا، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی رضا احمد شاہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ آج قوم 74واں یوم آزادی منارہی ہے۔ زندہ قومیں یوم آزادی اپنے جائزے اور احتساب کے ساتھ مناتی ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا تھا۔ جب سارے مسلمان اکٹھے ہوئے تو پاکستان بنا اور یکجان و متحد رہیں گے تو وطن عزیز مستحکم اور قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے۔ دشمن ہمارے خلاف متحد اور سازشوں میں مصروف اور مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کررہے ہیں۔ کچھ لوگ مسالک اور رنگ و نسل اور علاقے کے نام پر مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔ ہمیں ایسے عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی گئی ہے۔ ہم ایک کلمے اور نظریے کی بنیاد پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مظالم کیخلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بجائے احتجاج کیا جاتا ہے اور جواب دیا جاتا ہے۔
