English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سانحہ مچھ: کراچی میں دھرنے، اہم شاہراوں پر ٹریفک جام

کراچی میں سانحہ مچھ کے متاثرین کے مطالبات کی حمایت میں دھرنوں سے شہر کا ٹریفک نظام شدید متاثر ہوگیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نمائش چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی اور شارع فیصل سمیت شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے سے ٹریفک جام ہوگیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کی اہم شاہراوں پر دھرنوں کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ شارع فیصل پر دھرنے سے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے معطل ہوگئے۔

دوسری جانب ایئرپورٹ جانے والے مسافر بھی دھرنوں کے باعث ٹریفک میں پھنس گئے۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر فلائٹ کے وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں۔ وقت سے پہلے پہنچنے پر ہی پروازیں بروقت روانہ ہو سکیں گی۔

ترجمان کے مطابق مسافر معلومات کے لیے فلائٹ انکوائری یا پی آئی اے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔

واقعے کا پسِ منظر

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں نامعلوم افراد کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر کے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ واقعے میں 11 مزدور جاں بحق ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر بولان مراد کاسی کے مطابق نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والے کان کنوں کے تیز دھار آلے سے گلے بھی کاٹے گئے تھے۔

مقامی حکام کے مطابق قتل کیے جانے والے مزدوروں کا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔ مسلح افراد واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

نیم فوجی لیوی فورس کے اہلکار معظم علی جتوئی نے امریکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسلح افراد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والوں کی شناخت کرکے انہیں اپنے ساتھ لے گئے تھے جبکہ بقیہ لوگوں کو انہوں نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے