اطلاع کے مطابق کینیڈا کی ریاست البرٹا میں گھر میں آتشزدگی سے دو پاکستانی خاندانوں کے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
امام مسجد کیلگری سید سہروردی کا کہنا ہے کہ گھر میں 2 خاندان رہائش پذیر تھے جس میں سے ایک خاندان چند دن قبل ہی یہاں پر رہائش پذیر ہوا تھا ، آتشزدگی کے بعد گھر کے مالک نے پہلے اپنے دونوں بچوں کو باہر نکالا اور پھر اپنے بھائی کے بچوں کو گھر سے باہر لایا تاہم دیگر افراد کو نکالنے کا موقع نہیں مل سکا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آسکی اور نہی مجرمانہ سرگرمیوں کا کوئی ثبوت ملا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہلاک شد گان میں 38 سالہ ایک عورت، 35 سالہ مرد، 12 سالہ بچہ، 12 سالہ بچی اور 4 سالہ ایک کم سن بچہ بھی شامل ہیں۔جبکہ 5 افراد گھروں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے گھر میں آتشزدگی کے باعث 7 پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش حادثہ کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جب کہ وینکوور میں ہمارے قونصل جنرل متعلقہ کینیڈین انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔
