
اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کی جانب سے 6 دسمبر کو شاہی عیدگاہ مسجد میں بھگوان کرشن کی مورتی نصب کرنے کے اعلان کے بعد اتر پردیش کی متھرا ضلع انتظامیہ نے سی آر پی سی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں۔ یہ مسجد کرشنا جنم استھان مندر سے متصل ہے۔
6 دسمبر 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کا دن ہے۔
ساوتھ ایشین وائر نے ایس ایس پی متھرا گورو گروور کے حوالے سے بتایا کہ ضلع میں دفعہ 144 پہلے سے ہی نافذ ہے۔ افواہ پھیلانے یا قصبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ کچھ تنظیمیں 6 دسمبر کو ایک تقریب یا پیدل مارچ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سرکل آفیسر (شہر) ابھیشیک تیواری، جنہوں نے متھرا میں مسلم رہنماوں سے بات چیت کی، انہیں یقین دلایا کہ انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کیے ہیں، اور کہا کہ کسی کو بھی شرارت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ نونیت سنگھ چاہل نے بتایا، کسی کو متھرا میں امن و سکون کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چاہل نے کہا کہ ہندو مہاسبھا نے مسجد میں مورتی نصب کرنے کی اجازت کی درخواست کی تھی لیکن اسے ٹھکرا دیا گیا۔
ہندو مہاسبھا کی رہنما راجیہ شری چودھری نے پہلے کہا تھا کہ ان کی تنظیم 6 دسمبر کو اس جگہ کو "پاک کرنے” کے لیے شاہی عیدگاہ میں بھگوان کرشن کی مورتی نصب کرے گی۔
ایک اور ہندوتوا گروپ، نارائنی سینا نے اعلان کیا ہے کہ وہ وشرام گھاٹ سے سری کرشنا جنم استھان تک مارچ کرے گا، اور مسجد کو "ہٹانے” کا مطالبہ کرے گا۔
پولیس نے کہا کہ انہوں نے نارائنی سینا کے سکریٹری امیت مشرا کو متھرا کوتوالی میں حراست میں لے لیا ہے، جب کہ ہندوتوا تنظیم نے دعوی کیا ہے کہ اس کے قومی صدر منیش یادو کو لکھن میں حراست میں لیا گیا ہے۔
مسجد میں ‘رسم’ ادا کرنے کی دھمکی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک مقامی عدالت 17ویں صدی کی مسجد کو ‘ہٹانے’ کی درخواستوں کے ایک گروپ کی سماعت کر رہی ہے۔ تاہم پولیس نے کہا کہ کسی پروگرام کے لیے کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی اجازت دی جائے گی۔
متھرا میں قومی ایکتا منچ کے ارکان نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے 6 دسمبر کو اضافی سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
حال ہی میں، آل انڈیا تیرتھ پروہت مہاسبھا، جو کہ ہندوستان بھر کے 90 سے زیادہ مندروں کے پجاریوں کی ایک 60 سالہ پرانی تنظیم ہے، نے کہا کہ اس مسئلے کو غیر ضروری طور پر اٹھایا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ پارٹیوں کو محتاط رہنا چاہیے ۔
