English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان خطرے میں پڑ گیا، اسکواڈ کے مزید پانچ افراد کرونا کا شکار

القمر

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے مزید پانچ اراکین میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد سیریز پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔

اس سے قبل ہفتے کو ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ کے چار اراکین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ ہفتے پاکستان کے دورے پر آنے والے اسکواڈ کے اب تک نو اراکین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے جن کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ، لیفٹ آرم اسپنر اکیل حسین، آل راؤنڈر جسٹس گرویز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے منسنگھ شامل ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان آج اجلاس میں دورے کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے گزشتہ ہفتے پاکستان آئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ کے لیے قرنطینہ کی مدت محض ایک روز رکھی گئی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان پہلے ہی دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکا ہے جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔

خیال رہے کہ ستمبر میں پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بھی اکتوبر میں شیڈول اپنا دورۂ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔

البتہ اب کرونا وائرس کے باعث پاکستان میں کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز پر غیر یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ سے لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے