اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مراعات یافتہ طبقے اور عام شہری پر قانون کا اطلاق یکساں ہونا چاہیے،جنوبی پنجاب سے متعلق تمام معاملات پر پیش رفت کی ذاتی طور پر مستقل نگرانی کروں گا، دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے احساس پیدا ہو رہا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے گلوبل وارمنگ روکنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے منگل کو انصاف لائرز فورم کے وفد نے ملاقات کی ،وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر محمود کیانی کے علاوہ چیئرمین آئی ایل ایف سینیٹر علی ظفر، نوید سہیل ملک، فیاض احمد مہر، قیصر عباس شاہ، عمیر نیازی، انیس ہاشمی اور نیہا وسیم شامل تھے۔ ملاقات میں انصاف لائرز فورم سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ،مراعات یافتہ طبقے اور عام شہری پر قانون کا اطلاق یکساں ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوارمخدوم خسرو بختیار نے منگل کو وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے علاقائی تنظیمی ڈھانچے اور جنوبی پنجاب کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ذاتی طور پر جنوبی پنجاب سے متعلق تمام معاملات پر پیشرفت کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کریں گے۔مزید برآں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک کے مابین مشترکہ بیان پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے ہم نے اپنے ماحول کو بچانا ہے، دنیا میں اب موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے احساس پیدا ہو رہا ہے، ہماری حکومت نے جنگلات لگانے کی مہم شروع کی اور 15 نئے نیشنل پارکس ڈیکلیئر کئے، شہروں کے نئے ماسٹر پلان بنائے جا رہے ہیں، ورلڈ بینک اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مابین اشتراک خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک نے اہم اہداف کے حصول کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

