English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں کورونا کی بگڑتی صورتحال ،کاروباری اوقات محدود اور اسکول بند کرنے پر غور

کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/خبر ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث کاروباری اوقات محدود اور اسکول بند کرنے پر غور شروع کردیا۔افریقا سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کی انٹری نے حکومت کو سر جوڑنے پر مجبور کردیا ‘ ملک بھر کے مقابلے میں کراچی میں اومی کرون کے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔شہر میں ایک دن میں مثبت کیسزکی شرح 6 فیصد سے بڑھ کر9 فیصد ہوگئی ہے۔سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں50 فیصد کیسز اومی کرون کے ہیں، اگرکیس بڑھتے رہے تو ایک دو روز میں سخت فیصلے کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے اہم فیصلے 2 سے 3 روز میں لیے جاسکتے ہیں‘کراچی میں گزشتہ روز 2650 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 236 کیسز مثبت پائے گئے ۔ کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح ملک میں سب سے کم ہے۔ شہر کے صرف 40 فیصد لوگوں نے ویکسی نیشن کرائی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں2 مریض انتقال کرگئے جبکہ 464 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور64 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘ 15003 نمونوں کی جانچ کی گئی‘ تشخیص کی شرح کا 3 فیصد ہے۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کی 5 ویں لہرشروع ہوگئی ہے جو ایک ماہ میں بلند ترین شرح پر ہوگی‘ موجودہ موسم کورونا کی اومی کرون قسم میں اضافے کا سبب بن رہا ہے تاہم دیگر ویرینٹ کی طرح اسپتالوں پر اتنا بوجھ نہیں پڑے گا‘ تمام لوگ بوسٹرڈوز ضرورلگوائیں‘ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔ ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 630 نئے کیسز سامنے آگئے اور اس مرض میں مبتلا مزید 2 افراد انتقال کرگئے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 44 ہزار198 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے630 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی‘ مثبت کیسز کی شرح1.42 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہوگئیں۔ترجمان کے مطابق کورونا کی تشخیص کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اومی کرون کے کیسز ہر جگہ سے آ رہے ہیں، کراچی میں مثبت اومی کرون ویرینٹ کیسز کی شرح 8.9 فیصد جبکہ لاہور اور پشاور میں 2.2 فیصد ہے‘ ویکسین شدہ افراد بھی کورونا کا شکار ہو رہے ہیں لیکن شرح کم ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت قومی صحت سروسز ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ نیا ویرینٹ اومی کرون پاکستان میں تیزی سے پھیل سکتا ہے، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نئے ویرینٹ کی احتیاطی تدابیر اورعلاج پہلے والا ہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے