English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹی وی چینل ‘نیوز ون’ پر مراد سعید کے بارے میں ذومعنی باتیں، ساتھی وزرا بھڑک اٹھے

القمر

وفاقی وزرا نے مراد سعید کے بارے میں ذومعنی باتیں کرنے پر نجی ٹیلی ویژن چینل نیوز ون اور شو کی میزبان غریدہ فاروقی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نیو ون کے پروگرام میں مراد سعید کے بارے میں نشر کی گئی باتوں پر کئی صحافیوں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور اس کے مواد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سینئر صحافی مبشر زیدی کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اس طرح کی گفتگو کو کسی طرح سے بھی صحافت نہیں کہا جاسکتا۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے کہا گیا کہ اینکر کے لئے اس طرح کی توہین آمیز زبان کے ساتھ اپنے پروگرام کی قیادت کرنا ‘انتہائی شرمناک’ ہے۔ ہم ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ اگر کسی پروگرام کسی جرنسلٹ کے بارے میں ایسے تبصرے کئے کئے جاتے تو کیا ردعمل ہوتا؟ مراد سعید مزید اعزازات حاصل کریںگے لیکن اگر ہم نے ٹیلی ویژن سے ایسی گندگی کو نہیں روکا تو معاشرے میں تباہی پھیل جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا اپنے ساتھی وزیر کی حمایت میں اتفاق کیا کہ پروگرام کی میزبان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی غلاظت اور گندگی سے تب ہی چھٹکارا ممکن ہو سکتا ہے جب وفاقی کابینہ اور میڈیا ریگولیٹری قانون کی منظوری دے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق  شیریں مزاری نے بھی ٹی وی چینل نیو ون کے پروگرام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ پروگرام کے مہمانوں کے درمیان ہونے والی گفتگو انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ کیسی صحافت ہے؟ تنقید آپ کا جائز حق ہے لیکن تنقید کی آڑ میں اخلاقیات سے بھٹک جانا بہت افسوسناک ہے۔

خیال رہے کہ غریدہ فاروقی نے پروگرام میں سوال کیا تھا کہ مراد سعید کی وزارت کے پہلے نمبر پر آنے کی حقیقی وجہ کیا ہے؟

اس کے جواب میں محسن بیگ مرزا کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں نہیں جانتے لیکن وجہ ریحام خان کی کتاب میں لکھی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ریحام خان وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ہیں۔

سینئر صحافی افتخار احمد نے کہا کہ اس شخص کیخلاف الزامات اور ان کارکردگی سے کون بے خبر ہے۔

تجزیہ کار طارق محمود کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں خود بہت واضح ہیں لیکن غریدہ کو چاہیے کہ وہ اس موضوع پر بات نہ کریں کیونکہ پیمرا دیکھ رہا ہے۔

غریدہ فاروقی نے تاہم موضوع بحث جاری رکھا اور کہا کہ آپ لوگ کیا بات کر رہے ہیں، مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہی۔

پروگرام میں شریک دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور کہا کہ میں ریحام خان کی کتاب نہیں پڑھی لیکن میں نے محسن بیگ کو ضرور سنا ہے۔ میں ان کی باتوں سے اتفاق کرتا ہوں اور کچھ اور نہیں کہہ سکتا۔

ادھر غریدہ فاروقی نے نیوز ون چینل کی بندش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ کم از کم ایک بات تو واضح ہو گئی کہ خواتین صحافیوں کیخلاف گھٹیا، غلیظ، اخلاق باختہ ٹرینڈز اور کیمپینز چلانے کے پیچھے اصل میں کون چھُپا ہے۔ چلاتے رہیے ٹرینڈز، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔ اور ہاں کتاب ، لکھاری کیخلاف بین الاقوامی عدالت جانا نہ بھولئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے