اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کروانے کی درخواستیں دائر کرنے والے تمام افراد کو الیکشن کمیشن بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت خیبرپختونخوا حکومت نے 31 مارچ کو دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کی مخالفت کردی، ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا کہ نئے شیڈول پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے 25 مارچ کی تاریخ خود دی تھی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت پہلے بلدیاتی انتخابات پر رضامندی دے کر اب رکوا رہی ہے، الیکشن شیڈول معطل کرکے غلط مثال قائم نہیں کرینگے، اگر انتخابی شیڈول کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے تو کیا الیکشن کمیشن کو بند کر دیں؟ انتخابی شیڈول کا اجراء اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، کے پی حکومت خود شیڈول دیکر بھاگ رہی ہے، الیکشن کے معاملات میں سپریم کورٹ کیوں مداخلت کرے؟۔
صوبائی حکومت کہہ رہی ہے رمضان کے بعد الیکشن کروا دیں، رمضان کے بعد کہیں گے عید آ گئی ہے، پھر بڑی عید کا کہہ دینگے، بڑی عید کے بعد محرم آ جائے گا اس طرح تو الیکشن ہوگا ہی نہیں، ذاتی مفادات کیلئے اداروں پر عدم اعتماد نہ کریں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو نئے شیڈول پر انتخابات سے روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا اور کل ہی سماعت کرکے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی، صوبائی حکومت اور فریقین الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا موقف پیش کریں۔

