افغانستان میں گذشتہ ہفتے حراست میں لئے گئے 2 غیر ملکی صحافیوں اور اقوام متحدہ کے مقامی ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر دفتر برائے امورِ مہاجرین کے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق 11 فروری کو کابل میں زیرِ حراست لئے گئے غیر ملکی صحافیوں اور اقوام متحدہ کے افغان ملازمین کو حراست سے ایک دن بعد رہا کر دیا گیا ہے۔
بیان میں حراستوں پر اندیشوں کا اظہار کرنے اور امداد کی پیشکش کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ "ہم، افغان عوام کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے”۔
دوسری طرف طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی جاری کردہ تحریری بیان میں غیر ملکی صحافیوں کی رہائی کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ ان افراد کو شناختی کارڈ، لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی عدم موجودگی کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ افغانستان کی عبوری طالبان انتظامیہ نے 11 فروری کو کابل میں، 2 غیر ملکی صحافیوں اور اقوام متحدہ کے مقامی ملازمین کے ایک گروپ کو حراست میں لے لیا تھا۔
حراست میں لئے گئے غیر ملکی صحافیوں میں سے ایک برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کا ملازم انڈریو نارتھ تھا۔
