English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنسی جرائم میں ملوث افراد کو سرعام پھانسی دی جائے،جماعت اسلامی خواتین

القمر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میڈیا قومی وقار اور ملکی ترقی کا اہم ستون ہے اور اس ستون کی مضبوطی میں میڈیا کے نمائندوں کا بڑا کردار ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتما م عالمی یوم خواتین کے موقع کی مناسبت سے میڈیا کی خواتین نمائندگان کے لیے جمعے کو عصرانے کا اہتمام کیا گیاتھا ۔نشست کی صدارت سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کی ۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مردوں کو قوام بنایا ہے اور خاندان کی کفالت کی ذمے داری مردوں کے سپرد کی ہے لیکن مغربی سوچ کے حامل افراد نے عورت کے فطری کردار کے ساتھ ساتھ معاشی ذمے داریوں کا بوجھ بھی عورت کے سپرد کر دیا۔اس بوجھ نے عورت کے فطری کردار کو دھندلا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتیں اور معاشرہ بھی عورت کے حقوق کی پامالی کا ذمے دار ہے جبکہ پاکستانی خاتون تعلیم صحت، صحافت اور قانون کے میدان میں اپنے حصے کی ذمے داریاں بہتر انداز میں نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت نسلوں اور قوموں کی معمار ہے۔ اس کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ تربیت اولاد اور خاندان کو پروان چڑھانے کے اسلامی اصول و ضوابط سامنے رکھتے ہوئے صحیح خطوط پر نسلوں کی تربیت و پرورش کا فریضہ انجام دے۔شعبہ خدمت جماعت اسلامی حلقہ خواتین معاشرے میں عورتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن سعی و جہد کررہا ہے۔ بیوہ اور نادارخواتین کی مالی امداد،بچیوں کے لیے جہیز پیکجز،سلائی سینٹرز،تعلیمی ادارے،سستا بازار،رمضان راشن جیسے لاتعداد منصوبوں کے ذریعے دیہی اور شہری خواتین کی شب وروز مدد و اعانت کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ عثمان نے کہا کہ مثبت سوچ اور تعمیری طرز عمل معاشرتی فلاح و بہبود پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے اللہ تعالی ہر انسان سے قائدانہ کردار کا مطالبہ کرتا ہے، مسلمانوں کو اللہ کی مدد،ایمان کی طاقت اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نے کہا کہ بحیثیت عورت آپ کو اللہ نے صفت تخلیق سے نوازا اور بحیثیت صحافی آپ کے ہاتھ میں اولین تخلیقات میں سے ایک تخلیق قلم کی صلاحیت عطا کی ،ہم صحافت سے وابستہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد میں آپ کے ساتھ ہیں،خواتین کااحترام معاشرے کے استحکام کی بنیاد ہے، سچائی اور غیر جانبداری کے ساتھ معاشرے کی رہنمائی کیجیے تاکہ خیر کی راہیں ہموار ہوں اور معاشرے کو استحکام ملے۔ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے تعلق رکھنے والی صحافیات،میڈیا پرسنز،اینکرز اور کالم نگاروں کی بڑی تعداد نے اس نشست میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا ۔سینئر صحافی شہر بانو نے جماعت اسلامی کی خواتین کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ جماعت ہے جو خواتین کے حقیقی مسائل کے حل اور جائز حقوق کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔خواتین کے مسائل پہ سب سے زیادہ کال آف اٹینشن جماعت اسلامی کی جانب سے جاتی ہے، صحافتی میدان میں خدمات انجام دینے والی خواتین میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں،ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نے خطبہ استقبالیہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین اور میڈیاسیل کی جانب سے میڈیا پرسنز کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور عشرہ خواتین کی مناسبت سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے