English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

باکسر عامر خان کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا

القمر

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو برطانیہ میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا ہے۔

عامر خان نے منگل کو ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ فریال کے ہمراہ مشرقی لندن کے علاقے لیٹن میں سڑک عبور کر رہے تھے کہ دو مسلح افراد نے ان پر گن تان دی۔

سابق لائٹ ویلٹرویٹ عالمی چیمپئن عامر خان کے مطابق مسلح ملزمان نے ان سے قیمتی گھڑی کا تقاضا کیا جس پر انہوں نے گھڑی ملزمان کے حوالے کر دی۔

پینتیس سالہ باکسر نے مزید بتایا کہ جب ان سے لوٹ مار ہو رہی تھی تو خوش قسمتی سے ان کی اہلیہ فریال ان سے چند قدم پیچھے تھیں اور اچھی بات یہ ہے کہ اس واقعے میں وہ دونوں محفوظ رہے۔

عامر خان کی گھڑی کی مالیت سے متعلق فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا۔ تاہم بعض میڈیا اداروں نے رپورٹ کیا ہے کہ اس کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریباً پونے دو کروڑ روپے تھی۔

باکسر عامر خان قیمتی گھڑیوں کے شوقین ہیں اسی لیے انہوں نے گزشتہ برس اپنے بیٹے محمد کی پہلی سالگرہ پر اسے 30 ہزار پاؤنڈ مالیت کی گھڑی تحفے میں دی تھی جو پاکستانی روپے میں تقریباً71 لاکھ روپے سے زیادہ کی بنتی ہے۔

یاد رہے کہ باکسر عامر خان نے فریال مخدوم سے 2013 میں شادی کی تھی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ عامر نے آخری مرتبہ فروری میں مانچسٹر میں کیل بروک سے فائٹ کی تھی جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عامر خان اب تک اپنے باکسنگ کریئر میں 40 فائٹ کر چکے ہیں جن میں سے 34 میں انہیں کامیابی اور چھ میں ناکامی ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے