English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جان کو خطرہ ہے ‘وڈیو ریکارڈ کرادی‘ سب کے نام ہیں، عمران خان

القمر
سیالکوٹ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جلسے سے خطاب کررہے ہیں

سیالکوٹ(خبر ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) جان کو خطرہ ہے ‘وڈیو ریکارڈ کرادی‘ سب کے نام ہیں۔ نواز شریف اور اسکی پارٹی بزدل ہے، شہباز شریف کا 18 افراد کے قتل میں ملوث وزیر داخلہ اسلام آ باد آ نے سے روک کر د کھائے۔عمران خان۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں میں، ملک کے اندر اور ملک سے باہر ایک سازش ہو رہی ہے اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چند دن پہلے مجھے اس کا پورا علم ہو چکا ہے۔ میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کرا کر محفوظ جگہ پر رکھ لی ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو قوم کے سامنے آ جائے گی۔ اس ویڈیو میں، میں نے سازش میں ملوث ہر ہر فرد کا نام لیا ہے۔ان کے مطابق مجھے مارنے کی سازش ہے۔ اگر مجھے کچھ ہو گا تو میں اپنے سارے پاکستانیوں کو کہتا ہوں کہ تا کہ آپ کو پتا چل سکے کہ کون کون اس میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ملک کے اندر اور باہر تمام کرداروں کے نام لیے ہیں جنھوں نے مجھے قتل کرنے کی سازش کی ہے۔میں نے اس وجہ سے یہ ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے کیونکہ اس ملک میں کبھی کسی طاقتور کو نہیں پکڑا جاتا۔ ان کے مطابق میں نے اس وجہ سے یہ ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے تاکہ میری قوم کے سامنے سب شکلیں آئیں کہ کون کون سا ملک سے غداری کر رہا تھا اور کس کس نے غداری کی۔عمران خان کے مطابق لیاقت علی خان کے قتل سے لے کر آج تک تمام ایسے واقعات میں طاقتور مجرموں کو چھوڑ کر کمزور لوگوں کو ہی پکڑا گیا ہے۔سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ساڑھے تین سال کوشش کی کہ جو تیس سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزا ہو، طاقت ور عہدے پر بیٹھے تھے، جنھوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اگر آپ ان چوروں کے خلاف نہیں نکلیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی سپر پاور کے سامنے نہیں جھکتے، ہم نے ان کے جلسے روکنے کی ایک دفعہ بھی کوشش نہیں کی، انھوں نے سازش کے تحت بڑے گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روکا، نواز شریف تم نے زندگی میں ایک کام ایمانداری سے نہیں کیا، نہ کاروبارایمانداری سے کیانہ کبھی ایمانداری سے الیکشن لڑا، نواز شریف نے کبھی بھی سچ نہیں بولا، لندن میں بیٹھ کر ہرقسم کی سازش کی، وہ سازش یہ ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم ہو اتنی بزدل تمہاری پارٹی ہے، تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری اور ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا بھی تھا، نوازشریف جب کرکٹ کھیلتا تھا تو اپنے امپائر کھڑے کرکے کھیلتا تھا، نوازشریف نے آج تک سچ نہیں بولا،مشرف دور میں دم دبا کر باہر بھاگا، اس بار کہا کہ میں بہت بیمار ہوں مرنے والا ہوں مجھے باہر بھیج دو، خواجہ وینٹی لیٹر کہتا ہے ہمارا ملک وینٹی لیٹر پر ہے، اس ملک کو وینٹی لیٹر پر کس نے ڈالا؟ ان دو خاندانوں نے ملک کو لوٹ لوٹ کر مقروض کردیا۔انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ سے بڑی عاجزی کے ساتھ سوال پوچھتا ہوں، بڑا اچھا کیا آپ نے اتوار کو سوموٹو ایکشن لیا، آپ کو بڑا خطرہ محسوس ہوا عمران سے، عدالتیں کھولیں، چلو ٹھیک ہے، بہت بڑا خطرناک ہوں کہ 12بجے عدالت کھول دی، شہبازشریف، حمزہ اور سلمان شہباز پر 24 ارب روپے کے کیسز ہیں، ایف آئی اے کیسز بناتی ہے اور اقتدار میں آکر یہ کیس بنانے والے کو فارغ کردیتے ہیں، ڈاکٹر رضوان نے مقصود چپڑاسی اور نوکروں کے اکاؤنٹس سے 16 ارب روپے پکڑے ، حمزہ شہباز نے ڈاکٹر رضوان کو دھمکیاں دیں، ڈاکٹر رضوان شدید دباؤ میں تھا، ہارٹ اٹیک ہوا اور مرگیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سوال ہے کہ جو ان کیسز کی تحقیقات کرتے ہیں ان پر کس قسم کا دباؤ ہے ، ملک کے ادارے کیسے طاقتور مجرموں کے سامنے کھڑے ہوں گے، سازش کے تحت ان مجرموں کو مسلط کردیا اب کون ان اداروں کی حفاظت کریگا، عدلیہ سے پوچھتا ہوں آپ کے سامنے ملک کے اداروں کی تباہی ہورہی ہے، جیلوں میں چھوٹے چور بھرے ہوئے ہیں ان کا قصور یہ ہے کہ چھوٹے چور ہیں، کیا یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ چوری کرنی ہے تو بڑی چوری کریں۔بلاول زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلاول یاد رکھنا اْن کی ایجنسیوں کو پتا ہے کہ تہمارے کہاں کہاں اکاؤنٹس میں پیسے ہیں، بلاول تم ان کے سامنے ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرو گے۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور تھری اسٹوجس آج غور سے میری بات سن لیں، دنیا کی تاریخ میں آج تک کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، آج سیاست نہیں ہورہی ہے بلکہ انقلاب آرہا ہے، قوم تحریک آزادی کے بعد دوسری تحریک آزادی چلارہی ہے، اس انقلاب کو گیدڑ نواز تم روک سکتے ہو نہ بوٹ پالش کرنے والا مجرم بھائی، اس انقلاب کو تمہارا کرپٹ بیٹا نہ شہباز شریف کا 18 قتل کرنے والا وزیر داخلہ روک سکتا ہے، وزیر داخلہ ہمیں اسلام آباد آنے سے روک کر دکھائے ،میری جماعت نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے، انشااللہ جب اسلام آباد پہنچیں گے تو بھی پرامن رہیں گے، انتشار کی کوشش کی گئی تو کسی کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جنہوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اگر ہم ہم سب ایک قوم بن کر نہیں نکلے تو ہمارے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا اس لیے اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے گرمی اور راستوں کی ساری رکاوٹیں نظر انداز کرکے پہنچیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اسی سے مدد مانگتے ہیں، ہم کسی انسان اور سپر پاور کے سامنے نہیں جھکتے، ہم نبی کریمﷺ کے امتی ہیں کسی کے سامنے نہیں جھکتے نہ غلامی کرتے ہیں، لاالہ الاللہ ہمیں غیرت دیتا ہے کیونکہ ہم ایک غیرت مند قوم ہیں، خواجہ وینٹی لیٹر کہتا ہے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے امریکا کی ضرورت ہے، خواجہ وینٹی لیٹر تمہاری جماعت اور پی پی نے ملک پر 30 سال حکومت کی، ان لوگوں نے ملک کو چوس چوس کر مقروض کردیا، ایک چیری بلاسم ہے جو کہتا ہے بھکاری کبھی اپنی مرضی نہیں چلاسکتا، مجھ سمیت پاکستانیوں کو امریکا کی غلامی کسی صورت قبول نہیں۔قبل ازیںسیالکوٹ پولیس نے بلااجازت مسیحی برادری کے سی ٹی آئی میدان میں جلسہ کرنے کی کوشش پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا جبکہ پی ٹی آئی نے بھی جلسے کا مقام تبدیل کرلیا۔سیالکوٹ میں چرچ کی زمین پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا جس سے انہوں نے انکار کردیا۔ جلسہ گاہ تبدیل نہ کرنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔پولیس نے عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد ، بیرسٹر جمشید غیاث بھلی کوحراست میں لے لیاگیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جلسہ گاہ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کردیا اور گراؤنڈ کو خالی کروالیا۔ بعدازاں تمام گرفتار شدگان کو رہا کرکے تھانہ لیسر کلاں سے واپس سیالکوٹ روانہ کردیا گیا۔شدید تنقید کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے جلسے کا مقام بدل لیا اور شام 6 بجے مدثر شہید روڈ وی آئی پی گراؤنڈ میں کرنے کا اعلان کیا۔ سیالکوٹ میں سی آئی ٹی گرائونڈ میں پی ٹی آئی کے جلسہ کرنے پر مسیحی برادری نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ یہ ہماری عبادت کی جگہ ہے، اسے جلسے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ان لوگوں میں اتنی شرم نہیں کہ یہ عبادت گاہ کو جلسہ گاہ بنا رہے ہیں۔ ہم اپنی جانیں قربان کر دیں گے لیکن یہاں جلسہ نہیں ہونے دیں گے۔دریں اثناء چرچ آف پاکستان میانہ پورہ کے سیکرٹری ذوالفقار غوری نے کہا ہے کہ ہماری مذہبی عبادت گاہ سی ٹی آئی بارہ پتھر گرائونڈ میں سیاسی جماعت کے ہونے والے جلسے کو ملتوی کروانے پر ہم انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جگہ ہماری عبادت گاہ ہے اور یہاں پر ہمارے مذہبی اجتماعات ہوتے رہتے ہیں ۔ 1904 سے یہاں ایک خصوصی مدر کنونشن کا انعقاد ہوتا رہا ہے،آج سے1018سال پہلے سے یہ عبادت گاہ کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ہر سال اس جگہ ماہ ستمبر میں ایک ہفتہ خصوصی کنونشن ہوتا ہے جس میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے مسیحی شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مخصوص اورمقدس جگہ ہے،اس جگہ کے سیاسی استعمال کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے