English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خاتون ٹک ٹاکر نے ویڈیو کیلئے مارگلہ پہاڑی پر آگ لگا دی، قدرتی نباتات جل کر راکھ

القمر

ایک خاتون ٹک ٹاکر نے صرف ویڈیو بنانے کی خاطر مارگلہ پہاڑی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ حامد میر سمیت کئی افراد نے اسے ڈھونڈ کر گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون ٹک ٹاکر آگ کے سامنے سے گزر رہی ہے جبکہ اس ویڈیو کے بیک گرائونڈ میں کوک سٹوڈیو کا مشہور گانا ”پسوڑی” بج رہا ہے۔

ایک ٹویٹر صارف نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں کو آگ لگا کر ماڈلنگ کی جاتی رہی لیکن انتظامیہ کو خبر نہ ہوئی۔ محکمہ جنگلات کو جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے اجازت کیسے دی؟ اگر نہیں دی تو کہاں سو رہے تھے؟ اگر آگ پھیل جاتی تو نقصان کا ذمہ دار کون ہوتا؟ متعلقہ افسران اور اس خاتون ڈولی کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ اس کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار حامد میر نے خاتون کو ڈھونڈ کر اس کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد وائلڈ لائف نے آگ لگانے والے ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو بنانے اور فالورز بڑھانے کے لیے جنگل کو آگ لگا دیتے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں جنگلات کو آگ لگانے کی سزا عمر قید ہے۔ پاکستان میں بھی سخت قانون لانے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایبٹ آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو کی خاطر جنگل کو آگ لگا دی گئی تھی۔ نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا تھا۔ ویڈیو جب منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف نے نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے