چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ترکی کے صدر اور عوام کو یومِ ڈیموکریسی و قومی یکجہتی پر مبارکبادی پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ یومِ یومِ ڈیموکریسی و قومی یکجہتی کے موقع پر میں صدر ایردوان اور ترکی کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ پندرہ جولائی دو ہزار سولہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب صدرایردوان نے اہلِ ترکی کی مدد سےاپنے خلاف فوجی بغاوت کی کوشش ناکام بنائی۔
یاد رہے کہ چھ سال قبل آج کے روز ہی ترک فوج کے باغی دستوں نے صدر رجب طیب ایردوان کی حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ترک عوام نے فوجی بغاوت کو ناکام بنادیا تھا۔
باغی فوجیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری کارروائی کا مقصد ملک میں آئینی و جمہوری انسانی حقوق کی بحالی ہے اور جمہوری قدروں کو استحکام بخشنے کے لیے ہم اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں،ناکام فوجی بغاوت میں اعلیٰ فوجی افسران شامل تھے جنہوں نے ترک فوج کے سربراہ جنرل خلوصی آقار سمیت متعدد اعلیٰ فوجی افسران کو یرغمال بنالیا تھا تاہم رجب طیب ایردوان کے حامی فوجیوں اور عوام نے ملکر بغاوت ناکام بنادی تھی ۔
