English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طبی جامعات و کالجز میں داخلے نومبر کے وسط میں کرانے پر اتفاق

القمر

اسلام آباد: صدر پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)ڈاکٹر نوشاد شیخ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نجی و سرکاری میڈیکل جامعات و کالجز کا داخلہ ٹیسٹ 13یا 20نومبر کو یونیفارم پالیسی کے تحت لیا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں صدر پاکستان میڈیکل کمیشن نے کہا کہ ملک بھر میں نجی و سرکاری میڈیکل جامعات و کالجز کے داخلے نومبر کے وسط میں کرانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے، داخلہ ٹیسٹ 13یا 20نومبر کو لیا جائے گا، حتمی تاریخ جلد طے کرلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بیک وقت داخلہ ٹیسٹ یونیفارم پالیسی کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ ہر صوبے میں ایک سرکاری یونیورسٹی کو ٹیسٹ لینے کی اجازت دی گئی ہے،ڈاکٹر نوشاد شیخ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ ٹیسٹ دینے کے اہل ہوں گے جبکہ اس سے قبل 65فیصد نمبرز حاصل کرنے والا طالب علم داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا اہل تھا تاہم رواں اجلاس میں اس قانون کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

صدر پی ایم اے کا کہنا تھاکہ ٹیسٹ میں میڈیکل کیلئے 55فیصد اور ڈینٹل کیلئے 45 فیصد نمبر حاصل کرنے والا طالب علم میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے اہل ہوگا، ملک بھر میں 20ہزار سیٹوں کیلئے ڈھائی لاکھ بچے بحیثیت امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ بیرونِ ملک پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے داخلہ ٹیسٹ دینے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، اس سلسلے میں دو تجاویز سامنے ہیں یا تو امیدوار پاکستان آئے یا پھر ملک بھر میں 4 سینٹرز بنائیں جائیں جہاں آن لائن ٹیسٹ منعقد ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے