اسلام آباد:سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کے حق میں سابق فوجی قیادت کی جعلی آڈیو ، ویڈیوز وائرل کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا کی جعلی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعدسابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق سے منسوب آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔
سرکردہ صحافی و معروف اینکر پرسن سلیم صافی کے رابطہ کرنے پر جنرل احسان نے ایسی کوئی بھی آڈیو ریکارڈ یا جاری کرنے کی تردید کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کی حمایت میں کئی جعلی آڈیو / ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں ۔ ایسی ویڈیوز زیادہ تر سابق فوجی قیادت کی ہیں۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا سے منسوب جعلی ویڈیو بھی ماضی قریب میں وائرل ہوئی تھی۔ اب کی بار جنرل احسان کی پندرہ منٹ کی جعلی آڈیو وائرل ہوئی ہے ۔
جنرل احسان سے منسوب آڈیو میں ملک میں خون خرابے سے بچنے کے لئے فوری انتخابات کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس آڈیو میں جنرل احسان سے منسوب ان کے سابق ادارے کے خلاف سخت زبان استعمال کی گئی ۔
حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ جنرل احسان کو جانتے ہیں وہ ان کو اعتدال پسندی ، خوش اخلاقی اور زمینی حقائق کے مطابق سوچ رکھنے والا شخص قرار دیتے ہیں ۔ وہ میڈیا کے ذریعے نمایاں ہونے کا شوق بھی نہیں رکھتے ۔
