English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی کے عوام کی واضح اکثریت جماعت اسلامی کا میئر چاہتی ہے، حافظ نعیم

القمر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کی واضح اکثریت مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا میئر چاہتی ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  اہل کراچی بر ملا اظہار کر رہے ہیں کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جو سب سے زیادہ کراچی کے اہم ایشوز اور ساڑھے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے اور بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی عوام کی پہلی پسند ہو گی۔ پلس کنسلٹنٹ کا حالیہ سروے اس کا ثبوت ہے، اسی لیے سندھ حکومت اور حکمران پارٹیاں خوفزدہ ہیں اور بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے الیکشن کمیشن بھی ان کا سہولت کار بنا ہواہے اور تین مرتبہ انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ جماعت اسلامی نے الیکشن کے بار بار التوائ اور عوام کو ان کے آئینی و جمہوری حقوق سے محروم کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کراچی کے عوام کا مقدمہ عدالتوں میں بھی لڑیں گے اور سڑکوں پر بھی۔ ہم نے ماضی میں بھی عوام کی مثالی خدمت کی ہے اور جماعت اسلامی کا میئر ہی کراچی میں تعمیر و ترقی کے نئے سفر کا آغاز کرے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ لسانیت، عصبیت اور لسانی سیاست کو مسترد کیا ہے اور اس کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن جب ہم کراچی میں مقامی پولیس کی بھرتی کی بات کرتے ہیں تو سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کو بہت تکلیف ہوتی ہے، حالانکہ اس پارٹی نے ہمیشہ لسانیت کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور بڑے پیمانے پر سیاسی پر بھرتیاں کر کے اہل کراچی کی حق تلفی کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے