کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کومشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی خاطر اپوزیشن اور حکومت کو اپنی اپنی انائوں کو چھوڑنا چاہئے ۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ حکومت دوسیٹوں پر چل رہی ہے لیکن ایم کیوایم کے پاس سات سیٹیں ہیں اور ایم کیوایم کو آج موقع ملا ہوا ہے کہ وہ تگ و دو کریں ، اس وقت پاکستان کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں اور حقائق کو دیکھتے ہوئے سب کو سنجیدہ ہوجانا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی معاشی بہتری کی خاطر اپوزیشن اور حکومت کو اپنی اپنی انائوں کو چھوڑنا چاہئے اور مل کر معیشت کو سنبھالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیاسی قوتیں اتنی طاقتور ہیں کہ پاکستان کی حکومت ان کی مرہون منت ہیں لیکن شارٹ ٹرم فائدے کے بجائے مستقل حل کی کوشش کرنی چاہئے ۔
سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ اس نامساعد حالات میں بھی کراچی پونے تین ہزار ارب سالانہ یہ شہر کما کر دے رہا ہے اس لئے ملک چلانے والے کراچی پر توجہ دیں کیونکہ کراچی ملک کے معاشی مسائل حل کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو 5 سے 7 ہزارارب کما کردے سکتا ہے اور دعویٰ کیا کہ کراچی کو اختیارات اور وسائل دیئے جائیں تو مسائل بھی حل کر کے دکھائیں گے۔
