باڈہ (نمائندہ جسارت) ایس ایچ او کے بیٹے اور گن مین کی جانب سے 2 طالب علم، سگے بھائیوں کو بلاجواز تشدد اور لاک اپ کرنے کے معاملے پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے نوٹس لے کر ایس ایچ او کو ہٹاکر لائن کلوز کرکے ہیڈ محرر اور اے ایس آئی سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے شہر باڈہ میں ایس ایچ او رحمت اللہ سولنگی کے بیٹے نوید عرف راجا سولنگی نے جو کسی بھی پولیس فورس میں نہ ہونے کے باوجود بھی اپنے باپ کی کرسی کا ناجائز فائدہ اُٹھا کر گن مین کے ہمراہ 2 طالب علم سگے بھائی مزمل اور یاسر پٹھان کو بلاجواز تشدد کرکے لاک اپ کردیا، معاملے پر ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل کھوسو انکوائری کرنے خود تھانے پہنچے، جہاں شہری اور ورثاء کی شکایت اور واقعے میں ملوث ہونے پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے نوٹس لے کر ایس ایچ او باڈہ رحمت اللہ سولنگی کو تھانے سے ہٹا کر لائن کلوز کردیا، جبکہ واقعے میں ملوث ہیڈ محرر طالب کسر، اے ایس آئی اسداللہ شاہ سمیت 2 اہلکاروں صدام اور علی گل کو معطل کردیا۔ ایس ایس پی روحیل کوسو نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد واقعے پر ورثاء کی مدعیت میں اے ایس آئی سمیت 4 اہلکاروں کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
