ٹنڈو محمد خان(نمائندہ جسارت)بااثر افراد نے زرعی زمین پر قبضہ کرلیا۔ مسلح افراد میری زمینوں پر موجود ہیں۔ ایک سال قبل لغاری برادری کے افراد سے تیس لاکھ روپے میں زمین خریدی۔ انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے، بہادر خان لغاری کی پریس کلب میں پریس کانفرنس۔تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے گاؤں سونہارو لغاری کے رہائشی بہادر خان لغاری و دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک سال قبل دیھ فتح پور میں لغاری برادری کے افراد تیمور لغاری اور اس کی والدہ سے تیس لاکھ روپے میں زرعی زمین خریدی اور ستائس لاکھ بیس ہزار روپے ادا کردیے جس کے بعد مذکورہ افراد نے زرعی زمین کا قبضہ بھی میرے حوالے کردیااور میں نے اپنی زرعی زمین پر فصل بھی لگا دی اب میری فصل تیار ہوگئی ہے تو علاقے کے بااثر افراد شفیع محمد لغاری،عنایت علی لغاری، محمد بخش لغاری،چنیسر لغاری اور سینگار لغاری و دیگر نے مسلح افراد کے ساتھ مل کر میری زرعی زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔ میری فصل کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ جب میں اپنی زرعی زمین پر جاتا ہوں تو مسلح افراد جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ تیمور لغاری اور اس کی والدہ نے ہماری زمینوں پر قبضہ کروایا ہے۔ متاثرہ شخص نے چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف، صدر پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ،آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباداورایس ایس پی ٹنڈو محمد خان سے اپیل کی ہے کہ مجھے انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے اور میری زرعی زمین سے مسلح افراد کا قبضہ ختم کروایا جائے۔
