English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکہ میں آتشزدگی،جھوٹی کہانیاں،عوامی نفسیات اورسازشی تھیوریز

محمد ہارون عباس قمر

جب کسی قوم کو قدرتی یا انسانی آفات کا سامنا ہوتا ہے، تو اس کے سماجی اور نفسیاتی اثرات نہایت گہرے ہوتے ہیں۔ عوام کا ردعمل اکثر ایسے نظریات اور کہانیوں کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے جو ان کے جذبات کو تسلی دے سکیں۔
آتشزدگی کے واقعات کے دوران خوف، غیر یقینی، اور معاشرتی دباؤ کے تحت عوامی نفسیات ایک منفرد شکل اختیار کرتی ہے، جسے سمجھنا ہر اس معاشرے کے لیے ضروری ہے جو مستقبل میں ان چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹنا چاہتا ہو۔
یہ نظریہ کہ بڑے حادثات یا تباہ کاریاں محض قدرتی عوامل کی وجہ سے نہیں بلکہ کسی انسانی سازش یا بدنیتی کا نتیجہ ہیں، کسی مخصوص دور یا جگہ تک محدود نہیں۔ بلکہ یہ انسانی ذہن کی ایک فطری خصوصیت ہے کہ وہ کسی بھی غیر معمولی واقعے کی وضاحت کے لیے کسی نہ کسی منطقی یا غیر منطقی کہانی کا سہارا لیتا ہے۔ جدید دور میں بھی یہ محض اتفاق نہیں ہے کہ زیادہ تر مقبول عام سازشی نظریات ماحول کی تباہی خلائی مخلوق، مذہبی اقلیتوں، طاقتور امرا، دشمن ممالک اورخفیہ ٹیکنالوجی جیسے موضوعات سے متعلق ہیں۔
ہر معاشرے کے اندر اندیشے اور ہیجان پائے جاتے ہیں اور کامیاب سازشی نظریات ان ہی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
امریکہ میں آتشزدگی کے واقعات ہمیشہ سے معاشرتی، نفسیاتی، اور سیاسی مباحث کے اہم موضوعات رہے ہیں۔ ان تباہ کن واقعات کے دوران اور بعد میں، عوام کے رویوں اور نظریات میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھی گئیں، جن میں سے کئی نظریات حقیقت سے دور ہوتے ہیں۔ یہ کانسپریسی تھیوریز یاسازشی تھیوریز ، جنہیں اکثر بے بنیاد قرار دیا جاتا ہے، عوامی ذہن کی عکاسی کرتی ہیں اور ان کے اجتماعی خوف، عدم تحفظ، اور بے یقینی کی کیفیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
امریکہ میں آتشزدگی کے اہم واقعات اور ان کے دوران عوامی رویے پر ایک نظر ڈالنا ضروری ہے۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ آتشزدگی جیسے واقعات کے ساتھ ہمیشہ سازشی تھیوریز منسلک رہی ہیں۔ یہ نظریات عوامی شعور میں ایک ایسے وقت میں جگہ بناتے ہیں جب لوگ حقیقت کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں یا اپنے خوف کا مقابلہ کرنے کے لیے آسان وضاحتیں تلاش کرتے ہیں۔
1871 کی شکاگو آتشزدگی نے عوامی ذہن پر گہرا اثر ڈالا۔ شہر کے بڑے حصے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، اور اس تباہی کے بعد مختلف قسم کی تھیوریز گردش میں آئیں۔ کچھ نے اسے قدرتی آفت کہا، مگر کئی لوگوں نے اسے خدا کی ناراضگی یا کسی بڑی سیاسی سازش کا نتیجہ قرار دیا۔ عوام کا یہ رویہ ان کی اندرونی بے بسی کو ظاہر کرتا تھا، جہاں وہ اپنے حالات کی وضاحت کے لیے کسی بھی داستان پر یقین کرنے کے لیے تیار تھے۔
1906 میں سان فرانسسکو میں زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی آگ نے نہ صرف شہر کو تباہ کیا بلکہ عوامی شعور کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔ اس واقعے کے بعد عوامی حلقوں میں مختلف نظریات گردش کرنے لگے۔ کچھ نے زلزلے اور آگ کو قدرتی

عوامل کا نتیجہ مانا، جبکہ دوسروں نے اسے کسی پوشیدہ سازش یا برے اعمال کی سزا کے طور پر دیکھا۔
2019 میں آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد بھی ایسے ہی نظریات گردش کرنے لگے تھے۔
حالیہ دہائیوں میں امریکہ میں جنگلی آگ کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ لاس اینجلس آتشزدگی نے ایک بار پھر عوامی نفسیات میں سازشی تھیوریز کو جنم دیا۔ ان نظریات میں ماحولیاتی تبدیلی، سیاسی مفادات، اور یہاں تک کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تخریب کاری کے الزامات شامل ہیں۔ یہ نظریات سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئے، جہاں لوگوں نے بغیر کسی تحقیق کے انہیں پھیلایا۔
انسانی ذہن قدرتی طور پر ایسی کہانیوں کی طرف مائل ہوتا ہے جو اس کی جذباتی ضروریات یا عقیدے کی وابستگی کا جواز فراہم کریں۔ سازشی نظریات عوام کی ان نفسیات اور جذباتی ضروریات کو پورا کرتے ہیں جو آفات کے وقت پیدا ہوتی ہیں۔ جب لوگ کسی غیر معمولی واقعے کی وضاحت کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو وہ ایک ایسی کہانی کا سہارا لیتے ہیں جو ان کے خوف کو کم کر سکے اور انہیں ایک تسلی بخش وضاحت فراہم کرے۔
آفات کے دوران خوف اور بے یقینی عوام کو ایسے عقائدو نظریات پر یقین کرنے پر مجبور کرتی ہے جو ان کی موجودہ حالت کو آسان الفاظ میں بیان کریں۔ یہ نظریات نہ صرف ان کے خوف کو کم کرتے ہیں بلکہ ان کے شعور میں ایک طرح کی ترتیب اور معنی بھی پیدا کرتے ہیں۔
سازشی تھیوریز لوگوں کو علمی تسلی فراہم کرتی ہیں۔ یہ نظریات ان کے لیے ایک ایسی دنیا کی وضاحت کرتے ہیں جہاں سب کچھ کسی نہ کسی منصوبہ بندی کا حصہ ہوتا ہے، اور وہ خود اس منصوبے کا شکار ہیں۔ اس طرح، یہ نظریات ان کے خوف کو کم کرنے اور انہیں ایک قسم کا وجودی تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سازشی تھیوریز سماجی شناخت کی بھی تشکیل کرتی ہیں۔ یہ نظریات لوگوں کو ایک گروہ کا حصہ بننے کا احساس دلاتے ہیں، جہاں وہ اپنے خیالات کو مستحکم کر سکتے ہیں اور ایک مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہو سکتے ہیں۔
امریکہ میں آتشزدگی کے واقعات کے دوران عوام کی جانب سے پھیلائے گئے نظریات اور جھوٹی کہانیاں اکثر ان کے خوف اور بے یقینی کی کیفیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ ان میں سے کئی کہانیاں بے بنیاد ہوتی ہیں اور بغیر کسی تحقیق کے سوشل میڈیا پر پھیلائی جاتی ہیں۔
کسی بھی غیر معمولی واقعے کے دوران، لوگ تصاویر، ویڈیوز، اور ذاتی خیالات کے ذریعے اپنی تشریح پیش کرتے ہیں، جو اکثر حقیقت سے کوسوں دور ہوتی ہے۔
ایک مشہور افواہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی کہ ہالی وڈ سائن مکمل طور پر جل چکا ہے۔ مختلف تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا کہ آگ نے اس تاریخی نشان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یہ خبریں اتنی تیزی سے پھیلیں کہ عالمی میڈیا نے بھی ان پر توجہ دی، حالانکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔ بعد میں حکومتی اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے واضح کیا کہ ہالی وڈ سائن محفوظ ہے اور آگ اس مقام سے کافی دور تھی۔
ایک اور نظریہ یہ سامنے آیا کہ آتشزدگی کسی قدرتی یا انسانی غلطی کا نتیجہ نہیں بلکہ "ڈائریکٹڈ انرجی ویپنز” یعنی لیزر ہتھیاروں کے ذریعے جان بوجھ کر لگائی گئی تھی۔ اس نظریے کو خاص طور پر کچھ مخصوص تصاویر کے ذریعے پھیلایا گیا، جن میں آگ کے بلند شعلے اور آسمان میں عجیب روشنیوں کو دکھایا گیا تھا۔ یہ تصاویر بعد میں فوٹو ایڈیٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی تخلیق ثابت ہوئیں، لیکن تب تک یہ نظریہ لاکھوں لوگوں تک پہنچ چکا تھا۔
کچھ حلقوں میں یہ افواہ گردش کرتی رہی کہ آگ کو جان بوجھ کر ماحولیاتی تحریک کو بدنام کرنے کے لیے لگایا گیا ہے۔ ان لوگوں نے دعویٰ کیا کہ ماحولیاتی کارکنوں نے "گرین ٹیررزم” کے طور پر آگ لگائی تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا سکے اور اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس دعوے کے لیے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے، لیکن یہ نظریہ سوشل میڈیا پر بڑے شدومد سے شیئر کیا گیا۔
آتشزدگی کے دوران یہ افواہیں بھی عام ہوئیں کہ یہ آگ حکومتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد زمین کی قیمتیں گرانا یا کسی مخصوص علاقے کو خالی کرانا ہے۔ بعض نظریات کے مطابق، یہ آگ بڑے تعمیراتی منصوبوں کے لیے جگہ خالی کرنے کی ایک سازش تھی۔ عوامی جذبات کو مزید بھڑکانے کے لیے ان افواہوں کو بغیر تحقیق کے پھیلایا گیا۔
زیادہ تر لوگ خبروں کی صداقت کو پرکھنے کی زحمت نہیں کرتے۔ وہ ہر اس چیز پر یقین کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں جو ان کے ذہن میں پہلے سے موجود عقائد، خیالات یا خوف کے مطابق ہو۔ اس رجحان کو "کنفرمیشن بائیس” کہا جاتا ہے، جس کی وجہ سے جھوٹے نظریات تیزی سے مقبول ہوتے ہیں۔یا امریکہ مخالف نظریات کے حامل افراد اپنے مخصوص خیالات کی تشہیر کرتے ہیں۔ اور اسے امریکہ کے مسلم مخالف اقدامات کی سزا قرار دیتے ہیں، حالانکہ اس آتشزدگی کا شکار صرف امریکہ ہی نہیں، بلکہ بارہا پاکستان بھی اس مصیبت کا سامنا کرتا رہتاہے۔ رواں موسم سرما میں پاکستان کے مختلف علاقوں جیسے ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مری اور گلیات میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وسائل کی کمی اور حفاظتی تدابیر کی عدم موجودگی ان کی مشکلات کو بڑھاتی ہیں۔ 2022 میں کوہ سلیمان میں بھی یہی صورتحال پیش آئی تھی، جہاں مقامی افراد آگ بجھانے میں ناکام رہے تھے، اور ایران کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تھا۔اور تو اور پاکستان کا دار الحکومت اسلام آباد مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے جہاں ہر سال گرمیوں میں آگ لگنا ایک معمول کی بات ہے۔
اس کے علاوہ، سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی جانب سوشل میڈیا پرلاس اینجلس کی آگ پر فاتحانہ ردعمل دکھایا گیا، جو مستقبل میں عالمی امداد کے حوالے سے سوالات اٹھاتا ہے۔ اگر پاکستان کو ایسی قدرتی آفات کا سامنا ہوا اور باقی دنیا نے امداد دینے سے انکار کیا، تو ملک کی حالت کیا ہوگی؟
آتشزدگی کے دوران سوشل میڈیا پر پھیلنے والے جھوٹے نظریات اور بے بنیاد کہانیاں عوامی نفسیات کو سمجھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہیں۔ یہ نظریات نہ صرف عوام کے خوف اور بے یقینی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ کس طرح ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی دنیا میں غلط معلومات کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے۔ اس کا واحد حل یہ ہے کہ عوام کو حقائق کی تصدیق کی اہمیت سکھائی جائے اور انہیں جھوٹے نظریات سے بچانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے