انسانی اسمگلنگ میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں برطانیہ میں ایک 29 سالہ بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران برمنگھم کے علاقے ہینڈز ورتھ میں واقع ایک رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتاری غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری کے شبہے پر عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ ملزم اس وقت بھی حراست میں ہے اور این سی اے اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے تفتیشی افسران اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران متعدد الیکٹرانک آلات بھی قبضے میں لیے گئے، جن کا فرانزک تجزیہ جاری ہے تاکہ نیٹ ورک اور اس سے منسلک دیگر افراد کے بارے میں شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔ برطانوی حکام کے مطابق ملزم کے ایک منظم جرائم پیشہ گروہ سے روابط کا شبہ ہے جو افراد کو غیر قانونی طور پر برطانیہ منتقل کرنے میں ملوث ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری برطانوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس ملک گیر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے غیر قانونی ہجرت کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔
