ابو ظہبی : صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔ صدرِمملکت کا دورہ 29 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔
صدرِ مملکت کا ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، پریذیڈنشل فلائٹ ٹرمنل پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبد الّلہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے استقبال کیا۔
صدرمملکت کے ہمراہ خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی موجود ہیں،پاکستانی سفیر شفقت علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے،صدر زرداری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے،ملاقاتوں میں تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
دوسری جانب وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کے عزم کا مظہر ہے۔
