English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، غیر ضروری پریس کانفرنس کی ضرورت نہیں: طلال چوہدری

القمر

اسلام آباد :وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان صحت مند ہیں اور ان کی طبی حالت بالکل تسلی بخش ہے، اس معاملے پر غیر ضروری پریس ریلیز یا پریس کانفرنس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کے تحت تمام قیدیوں کی صحت اور بنیادی حقوق کا خیال رکھ رہی ہے۔

نجی چینل کے پروگرام میں  گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے قریب واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا، عمران خان کو جیل میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جن میں باورچی، خدمت گزار اور ورزش کے لیے مشینیں بھی شامل ہیں، یہ سہولتیں قانون کے مطابق دی گئی ہیں اور کسی قیدی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا۔

وزیرِ مملکت نے واضح کیا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قیدیوں کی صحت، سکیورٹی اور حقوق کا تحفظ کرے، ہر معاملے پر میڈیا کے سامنے آنا یا پریس کانفرنس کرنا ضروری نہیں ہوتا، جب کسی بات کی تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے تو حکومت ذمہ داری کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کرتی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ قیدی ہیں، اس لیے ان کی سکیورٹی ایک سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت نہیں چاہتی کہ اڈیالہ جیل کے باہر کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا امن و امان کی صورتحال پیدا ہو، اسی لیے ملاقاتوں اور نقل و حرکت کے معاملات میں احتیاط برتی جاتی ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دلچسپی صحت سے زیادہ سیاست میں نظر آتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی فیملی ملاقاتوں کو سیاسی فوائد کے لیے استعمال کرتی ہے اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت قانون کے مطابق کام کر رہی ہے اور کسی دباؤ یا سیاسی مہم کا حصہ بننے کے بجائے ریاستی ذمہ داریوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، عمران خان کی صحت سے متعلق غلط فہمیوں اور افواہوں کو پھیلانے کے بجائے حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے