پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شدت پسندوں کی جانب سے 2 مختلف پولیس چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملوں کے دوران مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ناصر باغ کے قریب سخی پل چوکی پر مسلح افراد نے اچانک بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی پیش قدمی روک دی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران شدت پسندوں نے راکٹ بھی داغے، تاہم پولیس کی مزاحمت کے باعث وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
دوسری جانب تھانہ متنی کی حدود میں پاسنی پولیس چوکی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، مگر اہلکار پہلے ہی مشکوک نقل و حرکت پر الرٹ تھے اور بروقت کارروائی کے باعث حملہ آوروں کو قریب آنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے کے بعد سی سی پی او میاں سعید نے شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر کا امن ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
