لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے بحریہ کے ایک 24 سالہ اہلکار کو ملک مخالف سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے منگل کو بتایا کہ اس پر مبینہ طور پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔
ایک پریس بیان میں اے ٹی ایس نے کہا کہ اسے انٹیلی جنس معلومات ملی ہیں کہ ایک شخص پاکستان میں مقیم آئی ایس آئی ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور ہندوستان سے متعلق حساس معلومات کا اشتراک کر رہا تھا۔
الیکٹرانک اور فزیکل سرویلنس پر مبنی تفتیش کے دوران مشتبہ شخص کی شناخت آگرہ کے رہنے والے آدرش کمار عرف لکی کے طور پر ہوئی۔
وہ کیرالہ کے کوچی میں ہندوستانی بحریہ کی جنوبی بحریہ کمان میں لانس نائک کے طور پر تعینات تھا۔
اے ٹی ایس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے پاکستان میں مقیم آئی ایس آئی ایجنٹ سے رابطہ قائم کیا تھا اور اس نے اپنے بینک اکائونٹ سے ہینڈلر کو رقم منتقل کی تھی۔
ایجنسی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس نے جنگی جہازوں سمیت تزویراتی طور پر حساس بحری اثاثوں کی تصاویر شیئر کیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران، تمام حقائق کی تصدیق کے بعد اے ٹی ایس نے پیر کو آدرش کمار کو مبینہ طور پر ملک مخالف سرگرمیوں اور پاکستان میں قائم انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ساتھ مجرمانہ شمولیت کے الزام میں گرفتار کیا۔
اس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا گیا،کچھ دن پہلے، راجستھان میں انٹیلی جنس حکام نے جیسلمیر کے علاقے سے ایک شخص کو مبینہ طور پر ہندوستانی فوج سے متعلق تزویراتی طور پر حساس معلومات پاکستان کی آئی ایس آئی کے ہینڈلرز کے ساتھ شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
جیسلمیر کے نیدان گائوں کا رہنے والا ملزم جھابرام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستانی انٹیلی جنس ہینڈلرز سے مسلسل رابطے میں تھا۔
