English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

القمر

مشرق وسطیٰ میں حالیہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسن اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، یہ دورہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دورے کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں باہمی مشاورت اور روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی سکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

طاہر حسن اندرابی نے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے بلکہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے جاری کوششوں کا حصہ بھی ہے، حالیہ دنوں میں آذربائیجان اور خلیجی ممالک پر ہونے والے حملے تشویش کا باعث ہیں اور پاکستان برادر خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان گلف ممالک پر ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، خلیجی ممالک پر ہونے والی یہ کارروائیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان اس پورے بحران میں تین اصولوں پر زور دیتا ہے، سب سے پہلے، تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے، دوسرا، عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کیا جائے اور تیسرا، تمام فریقین تنازعات کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارتی اقدامات کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات، جنگ بندی اور سفارتی ذرائع کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے اور یہ دورہ انہی کوششوں کے تسلسل میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے