English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اٹک میں کنویں سے گیس کی پیداوار بحال، تیل ٹینکرز پر پابندی ختم ہونے سے سپلائی بحران ٹل گیا

القمر

اسلام آبا:ملک کے توانائی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اٹک میں واقع جنڈ-1 کنویں سے گیس کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ہے جبکہ دوسری جانب اٹک ریفائنری کے لیے خام تیل لے جانے والے ٹینکرز پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے، جس سے ممکنہ ایندھن بحران ٹل گیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جنڈ-1 کنواں یومیہ دو کروڑ دس لاکھ مکعب فٹ گیس پیدا کر رہا ہے۔ یہ کنواں سن دو ہزار 19 میں دکھنی گیس پروسیسنگ پلانٹ کے ذریعے پیداوار میں شامل کیا گیا تھا، زیادہ مقدار میں زہریلی گیس اور مشکل زیرِ زمین حالات کے باعث تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں گیس کی پیداوار معطل کر دی گئی تھی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کے ماہرین نے تفصیلی رسک اینالیسز کے بعد کنویں کی بحالی کا منصوبہ تیار کیا، جسے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران زیرِ زمین آلات کو محفوظ انداز میں نکالا گیا اور کنویں کی ساخت کو بحال کیا گیا، طویل المدتی تحفظ کے لیے کنویں میں خصوصی اینٹی کوریژن ٹیوبنگ بھی نصب کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی خرابی سے بچا جا سکے۔

او جی ڈی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ جنڈ-1 کنویں کی بحالی سے ملک میں گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا، جس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے گا۔

دوسری جانب اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے لیے خام تیل لے جانے والے ٹینکرز کی آمد و رفت پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد تیل کی سپلائی بحال ہو گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ملک کے شمالی علاقوں میں فیول کی قلت کا خدشہ بھی ختم ہو گیا ہے۔

ریفائنری حکام کے مطابق اگر ٹینکرز کی آمد و رفت پر پابندی برقرار رہتی تو ریفائنری کو بند کرنا پڑ سکتا تھا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر جیٹ فیول کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ تھا، پابندی کے خاتمے کے بعد صورتحال معمول پر آ رہی ہے اور ریفائنری میں جلد مکمل پیداوار شروع ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے