

سیالکوٹ،اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+اے پی پی)وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشر یات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے قوم اور ملک کا مستقبل جڑا ہے۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب کی رائے قابل احترام ہے، حکومت چاہتی ہے کہ انہیں بھی قومی مفاد کے ساتھ جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بردباری اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیفنس کمیٹی میں ترمیمی بل کی مخالفت نہیں کی۔انہوںنے مزید کہا کہ آئینی ترمیم سے قوم اور ملک کا مستقبل جڑا ہے، اپوزیشن چاہتی ہے اس پر مزید بات ہو،(آج) پیر کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تحفظات ہیں تو حکومت ان کے ساتھ بیٹھ کر انہیں دیکھنے کو تیار ہیں۔ فردوس عاشق نے کہاکہ اس قانون سازی کو ہم متفقہ قانون سازی بنانا چاہتیہیں، ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن کے کوئی تحفظات رہ جائیں۔ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن بھی کسی ایسی کارروائی سے گریز کرے جس سے یکجہتی کی فضا خراب ہو۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اتوار کو یوم حق خود ارادیت کے موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 5جنوری کا دن تقاضہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل اور عالمی برادری بہادر اور ثابت قدم کشمیریوں سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ جبر و استبداد سے پاک ماحول میں اپنی زندگیاں گزار سکیں ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کے دن ہم بہادر کشمیریوں کو بھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ ن نکی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں پورا پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہیں ، ہم کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 71برس سے کشمیریوں کا ناحق لہو بہایا جا رہا ہے ، ان کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں ،انہیں اپنا جمہوری، قانونی اور جائز حق مانگنے پر جبر و استبداد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کا یہ باب صرف اس لیے طول پکڑ رہا ہے کیونکہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اپنے فرض کو پورا نہیں کر رہے ۔
