English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی‘ وزیراعظم

بجلی و گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو سزا دی جائیگی،توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی و مالی مسائل ورثے میں ملے
مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت روز اول سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، عمران خان کااجلاس سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی پربوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی غرض سے لئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینئر سرکاری افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور توانائی کی جانب سے گزشتہ 18 ماہ میں ذیلی اداروں میں انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات، وزارت توانائی اور پیٹرولیم کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے زیر غورتجاویز پر بریفنگ دی گئی، محصولات میں اضافے اور ان اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے ضمن میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے موجودہ حکومت روز اول ہی سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہی ہے، توانائی کے شعبے میں سنگین انتظامی مسائل ورثے میں ملے، اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح رہی ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے عوام الناس پر کم سے کم بوجھ پڑے، توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے مزید ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لینے ہوں گے، اس ضمن میں بھرپور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ عوام کو مسائل کی نوعیت اور انکے حل کے لئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر اعتماد میں لیا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن اورنااہلی نے نظام کی بنیادوں کوکمزورکردیا ہے، بجلی و گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو عوام کی مدد سے قانون کی گرفت میں لایا جائے انہیں سزا دی جائیگی، محض انتظامیہ کی سطح پر پر تبدیلیاں موجودہ صورتحال کے پیش نظر ناکافی ہوں گی عام آدمی پربوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزارت توانائی اور پیٹرولیم میں ہر سطح پر بہترین پروفیشنلز اور ٹیکنالوجی پر عبور رکھنے والے افراد کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی، جس کا مقصد ہر سطح پر موجود مسائل کے حل کے بہترین افرادی قوت کو بروئے کار لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے