English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مغربی کنارے کی یہودی بستیوں کے درمیان نئی سڑکوں کی تعمیر شروع

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع قصرہ قصبے میں کئی ایکڑ فلسطینی اراضی کو بلڈوز کردیا، تاکہ ایک نئی سڑک تعمیر کی جاسکے۔ مقامی عہدے دار غسان دغلس نے بتایا کہ آباد کاروں کے بلڈوزروں نے خاص طور پر ایش کودیش چوکی اور مجد الیم آبادکار بستی کو ایک دوسرے سے جوڑنے والی 7 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کرنے کے لیے قصرہ قصبے میں کئی ایکڑ اراضی کو ہموار کرنا شروع کردیا۔ دغلس کے مطابق یہ سڑک مغربی کنارے کے شمال میں واقع تمام بستیوں اور چوکیوں کو وادی اردن کے ساتھ ملائے گی۔ مقامی فلسطینیوں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ قابض اسرائیلی حکومت اور یہودی آباد کاروں نے حال ہی میں وادی اردن اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے کچھ حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے نیتن یاہو کے منصوبے کے تحت مغربی کنارے میں آبادکاری کی سرگرمیاں بڑھانا شروع کردی ہیں۔ اس منصوبے کے حوالے سے اردن کے ایک سینئر تجزیہ نگار اور اخبار السبیل کے چیف ایڈیٹر عاطف الجولانی نے کہا ہے کہ غرب اردن کے الحاق کے اسرائیلی منصوبے کے نتیجے میں فلسطین کے ساتھ اردن بھی براہِ راست متاثر ہوگا۔ اس حوالے سے ایک سیمینار میں عاطف الجولانی نے کہا کہ اسرائیلی منصوبے کا مقصد فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کو ختم کرنا اور فلسطینیوں کو اپنے ہی وطن میں بے گھر کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردن کے وزیر خارجہ نے جمعرات کے روز رام اللہ کا غیرعلانیہ دورہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی ہے اور انہیں اسرائیلی منصوبے کے تناظر میں شام عبداللہ دوم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ اردنی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایمن الصفدی کا رام اللہ کا دورہ فلسطینی قیادت کے ساتھ اس معاملے پر مشاورت کے عمل کا تسلسل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے