English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہرارے ٹیسٹ : پاکستان نے پہلی اننگز 510 رنز پر ڈکلیئر کردی

القمر

پاکستان نے عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر کی سنچری کی بدولت زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

پاکستان نے میچ کے دوسرے دن 268 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنیہ پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو عابد علی سنچری بنا کر ناقابل شکست تھے جبکہ ساجد خان ان کا ساتھ نبھا رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی جس کے بعد ساجد خان کی 20 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

محمد رضوان کمزور حریف کے خلاف ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ حسن علی کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ ملا۔

341 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد عابد کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

عابد علی نے نعمان کی مدد سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی اور آٹھویں وکٹ کے لیے 169 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔

نعمان علی صرف تین رنز کی کمی سے کیریئر کی پہلی سنچری نہ بنا سکے اور چائے کے وقفے کے فوراً بعد 97 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، ان کی 104 گیندوں پر محیط اس اننگز میں 5 چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

پاکستان نے نعمان کے آؤٹ ہوتے ہی پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، عابد نے 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹنڈائی چسورو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کو دو میچوںمی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے