اسلام آباد (آن لائن) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی “حق خودارادیت” پر پیش کردہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور ہو گئی ۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو تنازع جموں و کشمیر کے
تناظر میں ایک اور بڑی سفارتی کامیابی ملی ہے ،جنرل اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کا عنوان ’’عوام کے حق خودارادیت کا عالمی ادراک‘‘ تھا۔ پاکستان کی پیش کردہ قرارداد پر تمام خطوں کے 72 ممالک نے حمایت کی۔ انہوں نے کہا قرارداد محکومیت، تسلط، غیر ملکی قبضے پر حق خود ارادیت کی حمایت ہے ، قرارداد میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے عالمی کردار، غیر ملکی قبضے، مداخلت کے تناظر میں قرارداد کو وسیع حمایت ملی۔ قرارداد نے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کی حمایت حاصل کی۔ جنرل اسمبلی نے نوآبادیاتی، غیر ملکی قبضے کے خلاف عوامی جدوجہد آزادی کو جائز قرار دیا۔ قرارداد امید ہے کہ ہر فیصلہ اقوام متحدہ چارٹر، قراردادوں، بین الاقوامی قانون کے تحت منصفانہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے امید افزا ہے۔ ترجمان نے کہا قرارداد کشمیریوں کو حق خود ارادیت، بھارتی جبر، قبضے سے آزادی کی امید ہے۔
