کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے متنازع کالے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی بچاؤ مارچ کے سلسلے میں یوسف گوٹھ سرجانی ٹاؤن کے درجنوں نوجوانوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف نے کہا کہ نوجوانوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت خوش آئند ہے۔ مستقبل ہمارا ہے عوام نے بہت نظاموں کو آزما لیا ہے، اب لوگ جوق درجوق جماعت اسلامی کی طرف آرہے ہیں ، موجودہ حالات میں جماعت اسلامی کی کراچی بچاؤ مارچ کے حق میں عوامی شعور کی بیداری ہے۔ کارکنان ایک بڑی تبدیلی کے لیے متحرک ہو جائیں، جماعت اسلامی ہی عوام کی امیدوں کا مرکزہے۔جماعت اسلامی مفاد پرست جاگیرداروں سے عوام کو نجات دلائے گی اور کراچی پر مکمل قبضے کے کالے قانون کے خاتمے کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا عوام کراچی بچاؤ مارچ کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور کل اتور 4بجے شام کو مارچ میں شرکت کریں ۔
