لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں جلد از جلد صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔
محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بیک ڈور مذاکرات کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی مینڈیٹ کے احترام کی بات کرنے والے اقتدار حاصل کرنے کے لئے چور دروازے سے مذاکرات کر رہے ہیں اور منت سماجت پر مجبور ہو گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحاد کو شکست سے واضح ہو گیاہے کہ وہ عوام کا اعتماد کھو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں جلد از جلد صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے ۔ سیاسی عدم استحکام اور حکمرانوں کی غیر سنجیدگی سے مسائل بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔
جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دور میں ترقی ہو سکی اور نہ ہی آمریت کے دور حکومت میں عوام کو درپیش مسائل میں کمی واقع ہوئی ، جو بھی بر سر اقتدار آیا اس نے محض خوشنما نعروں سے قوم کو گمراہ ہی کیا اور بد قسمتی سے یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک عوام اس فرسودہ اور ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے نہیں ہو نگے اس وقت تک حالات تبدیل ہو نگے اور نہ ہی محب وطن ، ایماندار اور بے داغ کر دار کے حامل افراد آگے ا سکیں گے۔ یہی چور ڈاکو اور کرپٹ افراد عوام پر مسلط ہو تے رہیں گے۔
محمد جاوید قصوری کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملک میں احتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے ۔ چاہے کوئی بھی شخص ہو، اگر اس کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس چل رہا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا بد ترین فعل ہے ۔ آج بھی ملک میں انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، جب تک وہ آئین و قانون کی تابعداری نہیں کرتی۔ غریب کے لیے اور قانون اور امیر کے لیے اور قانون کا تاثر ختم ہونا چاہیے۔
