اسلام آباد (انتظار حیدری)
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کہتے ہیں پاک فوج اور آئی ایس آئی کی جانب سے حقیقت نہ صرف واضح کردی بلکہ ان کی جانب سے کی جانے والی پریس بریفنگ قابل تقلید ہے، اب سیاسی اشرافیہ کو بھی فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کسی غیر جمہوری و غیر آئینی سہارے کی بجائے صرف عوام پر تکیہ کریں، اس کا حلف لیں، پاکستان حقیقی جمہوریت کی جانب بڑھ جائیگا، یقین سے کہتا ہوں ن لیگ کبھی کسی غیر جمہوری آسرے کا سہارا اب نہیں لے گی، ماضی میں بہت کچھ ہوا ہے اب آگے کی جانب بڑھنا ہے-
جمعرات کو ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کے بعدخصوصی گفتگو کرتے ہوئے شفقنا نیوز نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے سوال کیا کہ آپ کہتے ہیں پاک فوج کی جانب سے سیاست میں کردار ادا نہ کرنے کا اعلان خوش آئند ہے مگر ایسا تو اس سے قبل 2007ء میں بھی ہوا تھا اور باقاعدہ اعلان بھی ہوا مگر پھر صورتحال کچھ عرصہ بعد ایسی بدلی کہ آج تک پاکستان لگتا ہے آگے کی بجائے جمہوریت میں پیچھے کی جانب جارہا ہے؟ اس کی بنیادی وجہ کیا یہ نہیں ہے کہ ادارے کے ساتھ ساتھ خود سیاست دان بھی اس کی بڑی وجہ ہیں؟ جب ادارہ اپنی غلطی تسلیم کررہا ہے تو سیاستدان کیوں اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھتے؟
جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ادارے نے اپنے کردار سے بڑھ کر کردار ادا کیا اور اس کا برملا بھی اظہار کیا گیا ہے، اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے اور اب اپنے آپ کو آئینی دائرے تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ خوش آئند ہے دیکھیں وہ واضح کرچکے ہیں کہ یہ فیصلہ کسی ایک فرد واحد کا نہیں طویل بحث کے بعد ادارے کا فیصلہ ہے جو خوش آئند ہے-
