جنوبی کوریا میں ہیلووین تقریب میں بھگدڑ کے دوران 156 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس چیف نے کہا ہے کہ تقریب سے قبل متعدد دفعہ خطرے کی اطلاعات ملی تھیں۔
پولیس چیف نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ معلومات ہونے کے باوجود خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔
پولیس چیف نے کہا کہ ایک مقام پر بڑا ہجوم جمع ہوگیا جو سنگین خطرے کی نشاندہی کررہا تھا۔
جنوبی کوریا کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آنے سے پہلے پولیس کو متعدد کالز موصول ہوئیں، جن میں صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا تھا۔
پولیس چیف نے حادثے کی مکمل تحقیقات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا،وزیر سلامتی و خارجہ لی سانگ من نے اس واقعے پر قوم سے معافی مانگتے ہوئے اسے پولیس کی غفلت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کو ہیلووین تقریب میں تنگ جگہ پر ایک لاکھ افراد جمع ہونے سے بھگدڑ مچی تھی، حادثے میں 156 افراد ہلاک اور 152 زخمی ہوئے تھے۔
