سانگھڑ (نمائندہ جسارت) 2 روزہ وکلاء تربیتی پروگرام کا انعقاد ڈسٹرکٹ بار روم میں کیا گیا۔ پروگرام میں سندھ جوڈیشنل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ندیم اختر، سینئر فیکلٹی ممبر ایس جے اے محمد شاہد شفیق، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید احمد کیریو، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سانگھڑ اختر انور کھوکھر اور قاضی محمد نعیم نے شرکت کی، تربیتی پروگرام ڈی بی اے کے وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی ایس جے اے ندیم اختر و دیگر نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء کا معاشرے میں کلیدی کردار ہے، جونیئرز وکلاء کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اپنے کلائنٹس کے کیس کو توجہ اور غور سے سمجھیں، اس کے بعد کیس ڈرافٹنگ کریں، وکلاء عدالتوں اور ججز کا احترام کریں۔ سندھ بھر میں کنزیومر کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، کنزیومر کورٹس کے بارے میں عوام میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے، روزمرہ لین دین اور دیگر معاملات کنزیومر کورٹ میں حل ہوسکتے ہیں جس سے عوام کو سستا انصاف مل سکتا ہے۔ وکلاء کو لیکچر دیتے ہوئے محمد شاہد شفیق و دیگر ججز نے فیملیز ایکٹس، اسپیسفیک، ایکٹ، بینکنگ ایکٹ، کاروباری کاپی رائٹس ایکٹس، کریمنل اینڈ سول پروسیجرز ایکٹس، ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ سندھ رینٹل ایکٹ اور بیلز ایپلیکیشنز قوانین کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع آئے ہوئے مہمانوں کو سندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے گئے، جبکہ پروگرام میں شرکت کرنے والے وکلاء کو ایس جے اے کی جانب سے سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈی بی اے حسنین نظامانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ سعید خان نظامانی، محمد قزافی، سلیم ملک، ظفر حیات شاہ، سنیل کمار پڑھیار، میڈم حنا عروج، ایوب مگسی، خلیل بلوچ، وسیم راجپوت و دیگر وکلاء نے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز سے نئے وکلاء کے حوصلے بلند اور عملی زندگی کے لیے کارگر ثابت ہوتے ہیں۔
سانگھڑ: وکلاء کے 2 روزہ تربیتی پروگرام میں سندھ جوڈیشنل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ندیم اختر و دیگر کو سندھ کی اجرک پہنائی جا رہی ہے
