English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہنگورجہ: بے امنی عروج پر،شہر ی غیر محفوظ ہونے لگے

القمر

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) رانی پور اور ہنگورجہ تھانے کی حدود میں بے امنی عروج پر پہنچ گئی، سورج غروب ہوتے ہی شہری غیر محفوظ ہونے لگے، موٹر سائیکل، نقد رقم، موبائل، گھروں اور ہوٹل سے لاکھوں روپے کی چوریاں، پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، تھانوں پر مقامی پولیس اہلکار کئی برسوں سے تعینات ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصروں کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رانی پور اور ہنگورجہ تھانوں کی حدود میں سورج غروب ہوتے ہی ڈکیتی اور چوریاں ہونے لگیں، درازا شریف کے گائوں وریو واھن میں نامعلوم چور ندیم جونیجو کے گھر میں داخل ہوکر ایک لاکھ روپے نقد، 3 تولے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو گئے، ہنگورجہ سگیوں لنک روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر محمد صدیق کھوکھر سے موٹر سائیکل، نقد رقم، 2 موبائل چھین لیے، واٹیہ پولیس پکٹ کے نزدیک قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر یاسین واٹیو سے موٹر سائیکل اور نقد رقم چھینی اور فرار ہو گئے، ہنگورجہ میں نامعلوم چور مسجد کے باہر حمد جتوئی کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے، رسول آباد کے نزدیک نامعلوم چور لیاقت بڑدی کے گھر سے نایاب نسل کی 2 بکریاں، 2 سولر پلیٹیں، طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کرکے فرار ہوگئے، نامعلوم مسلح افراد نے گائوں عبد الرحمن بھٹو کے رہائشی دائودی بھٹو سے نقد رقم، موبائل چھین لیا، ہنگورجہ نرسری کے نزدیک نامعلوم چور نذیر سولنگی کے ہوٹل کے دروازے کا تالا توڑ کر ہوٹل کا سامان چوری کر لیا، نامعلوم مسلح افراد نے شاہ جی مشین کے نزدیک شمن سولنگی سے اسلحے کے زور پر 5 ہزار روپے نقد چھین کر فرار ہوگئے۔ بے امنی کے وجہ سے شہری غیر محفوظ ہو گئے۔ شہریوں نے ایس ایس پی خیرپور سے بے امنی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے