تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے کارگزار صدر ٹی جگّا ریڈی نے ایک بڑا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ پر مبنی تیلگو بایوپک فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنگاریڈی میں کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی اسمبلی حلقہ کے کانگریس لیڈران اور کارکنان مل کر اس فلم کو بنائیں گے۔
ٹی جگا ریڈی نے فلم سازی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے 50 اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ فلم سے متعلق تیاریوں کی نگرانی گاندھی بھون کے پی آر او ہری پرساد کریں گے۔ سنگاریڈی کانگریس کے اسمبلی حلقہ کنوینر جُلاکانتی انجنیولو نے فلم بنانے کے لیے 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔
اس درمیان جگا ریڈی نے کہا کہ ’’پارٹی لیڈران و کارکنان انتخابات کے دوران پیسے خرچ کرتے ہیں، ہے نا؟ انہیں اس منصوبے کو بھی اسی جذبے کے ساتھ دیکھنا چاہیے اور تعاون کے لیے آگے آنا چاہیے۔ آئیے، ہم ضروری بجٹ جمع کریں اور فلم کے لیے ایک ماہر ہدایت کار کی تلاش کریں۔‘‘ انھو نے مزید کہا کہ ’’اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیں 50 اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہیے۔ ایک بار تیاریاں مکمل ہو جانے کے بعد ہم وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کو فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے مدعو کریں گے۔‘‘
مجوزہ فلم میں سونیا گاندھی کی زندگی کے مختلف ادوار کو دکھایا جائے گا۔ اس میں ان کے خاندان، سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی سے شادی، سیاسی سفر اور کانگریس پارٹی میں ان کے کردار کو شامل کیا جائے گا۔ فلم میں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل کے بعد خاندان پر ٹوٹنے والے غم و اندوہ کو بھی دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی پرورش کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور سونیا گاندھی کی سرگرم سیاست میں آمد کی کہانی بھی پیش کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم تیلگو زبان بولنے والے ناظرین کی ایک بڑی تعداد کے سامنے سونیا گاندھی کی خدمات اور ان کی سیاسی وراثت کو پیش کرے گی۔
جگا ریڈی کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی نے ملک کے سیاسی و سماجی منظرنامے میں ایک خاص مقام بنایا ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں میں ان کی کتاب کی کاپیاں تقسیم کرنے کی تجویز بھی پیش کی، تاکہ وہ ان کی زندگی اور سیاسی سفر کو سمجھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب کانگریس کی قیادت میں یو پی اے اقتدار میں آیا، تو سونیا گاندھی کے پاس وزیر اعظم بننے کا موقع تھا، لیکن انہوں نے اس عہدے کے لیے ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتخاب کیا۔ وزیر اعظم بننے کا موقع ٹھکرانے کا ان کا فیصلہ ہندوستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب بن کر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین عہدے کو حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں۔ ان کے سیاسی سفر اور ان کے ذریعے کیے گئے فیصلوں کو اس فلم کے ذریعہ لوگوں کے سامنے لایا جانا چاہیے۔‘‘