English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پارلیمنٹ کے متعلق مسائل کے حل کے لیے 18 رکنی قومی اسمبلی کمیٹی تشکیل

the State convened

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں منظور شدہ قرارداد کے تحت اسپیکر ایاز صادق نے 18 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ پارلیمانی امور سے متعلق مسائل حل کیے جا سکیں ۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب حکومت اور اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانون سازوں کی پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے گرفتاری کے بعد ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی، جس میں پارلیمانی امور سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دیگر اراکین میں ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، خورشید احمد شاہ، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، صاحبزادہ محمد حمید رضا، گوہر علی خان، اور محمد اختر مینگل شامل ہیں۔

768402365-768250317-Special-Committee-11sep

کمیٹی میں حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے مساوی تعداد میں قانون سازوں کو شامل کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق، “11 ستمبر 2024 کو قومی اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کے تحت، 2007 کے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی ساخت اور شرائط ذیل میں دی گئی ہیں۔”

کمیٹی کے شرائط کار میں پارلیمنٹ، پارلیمانی امور، آئین، قواعد و ضوابط اور قومی اسمبلی کے 2007 کے کاروباری طرز عمل اور پارلیمنٹ کی ہموار کارکردگی سے متعلق مسائل پر بات چیت اور سفارشات مرتب کرنا شامل ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ قرارداد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں پارلیمنٹ اور اس کی ہموار کارکردگی سے متعلق مسائل پر بات چیت اور سفارشات دینے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب اسپیکر نے اتوار کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے عوامی جلسے کے دوران امن عامہ بل، 2024 کی خلاف ورزی کے الزام میں متعدد پی ٹی آئی قانون سازوں کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں ایوان زیریں کے اجلاس کی صدارت کی۔

دن کے اوائل میں، اسپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سیکیورٹی کی خلاف ورزی پر ہاؤس کے سارجنٹ ایٹ آرمز اور چار دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا، جس کے دوران قانون سازوں کو اسلام آباد پولیس اور نقاب پوش افراد نے قومی اسمبلی کی حدود سے گرفتار کر لیا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی وزارت عظمیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے اس وقت کے اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دور میں ہمارے اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے۔

تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “دو غلطیاں درست نہیں کرتیں” اور کہا: “میں آپ کی حکومت کے اقدامات سے اتفاق نہیں کرتا۔ پروڈکشن آرڈرز نہ دینا اُس وقت بھی صحیح نہیں تھا اور یہ اب بھی درست نہیں ہے ، میں وہی کروں گا جو مناسب ہو، جو ضروری ہو اور جو پارلیمنٹ کے وقار کے لیے ضروری ہو ، اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے” ۔

ایاز صادق نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو اسمبلی کے اجلاس کے بعد ملاقات کی دعوت  دیتے ہوئے کہا کہ آج ہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ کام اُسی دن سے شروع ہو سکے ۔

پارلیمنٹ میں نقاب پوش افراد اور پولیس کی موجودگی ’شرمناک

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نقاب پوش افراد کی آمد اور پولیس کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کو شرمناک اور “ایوان کی حرمت کی خلاف ورزی” قرار دیا۔

آج قومی اسمبلی کے فلور پر پی ٹی آئی قانون سازوں کی گرفتاری کے خلاف پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “مجھے کوئی اعتراض نہیں اگر اسپیکر گرفتار شدہ اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہیں۔”

خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی جانب سے اتوار کے جلسے میں “حدیں پار” کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی آمد سے پارلیمنٹ کو ایک ادارے کے طور پر نقصان پہنچا ہے۔

جمہوریت اور ملک کی خاطر راستہ تلاش کرنے کی ضرورت :

سینئر پی ٹی آئی رہنما علی محمد علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں پروڈکشن آرڈر کے اجرا پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے زبانی طور پر پولیس کے انسپکٹر جنرل کو بتایا کہ پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے اور انہیں قانون سازوں کو پیش کرنا چاہیے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے اسپیکر کے حکم پر عمل نہیں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا نقاب پوش افراد پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر آئے اور یہ مسئلہ کل  کو اٹھایا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے بھی ہم سے اتفاق کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے آئی جی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ نقاب پوش افراد ان کے نہیں تھے۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کے لیے تحریری درخواست کی ضرورت نہیں ہوتی، امید ہے کہ وہ جلد جاری ہوں گے، اسپیکر کے حکم کے بعد تحریری درخواست کی ضرورت نہیں ہے اور پروڈکشن آرڈر ہمارا حق ہے،  ہم پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔

جلسے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسہ محض ایک بہانہ تھا اور اصل ہدف پارٹی کے اراکین تھے۔ “ہم ہمیشہ مذاکرات پر زور دیتے رہے ہیں اور ملک اور جمہوریت کی خاطر کوئی راستہ نکالنے کی کوشش  کرتے رہے ہیں ۔”

پارلیمنٹ پر حملہ ’ناجائز اور شدید قابل مذمت:

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اسپیکر ایازصادق  کو بتایا کہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے اور اداروں کو ان کے آئینی حدود میں رکھنے کے بارے میں ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران کہا ہم آپ کے ساتھ ہیں کہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جائے اور ہر ادارے کو آئین کے دائرہ کار میں رکھا جائے ۔

اچکزئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی جلسے کے دوران جو پیشرفت ہوئی وہ پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کا جواز نہیں بنتی ، علی امین گنڈاپور کے الفاظ کو بہانہ بنا کر پارلیمنٹ پر حملہ کرنا ناقابل قبول ہے ،  حملہ ناجائز اور شدید قابل مذمت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے