ممبئی کے سیاسی رہنما اور سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کے قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں ایک ملزم کے سیل فون سے اُن کے بیٹے کی تصویر ملی ہے۔ یہ تصویر واٹس ایپ پر گفتگو کے دوران اسنیپ کی گئی تھی۔
بابا صدیقی کو گزشتہ ہفتے ممبئی میں اُن کے بیٹے کے دفتر کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔ وہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے قریبی دوست تھے جسے بشنوئی برادری نے قتل کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ سلمان خان پر چبھیس سال قبل دو کالے ہرن مارنے کا الزام ہے جبکہ بشنوئی برادری کالے ہرن کی پوجا کرتی ہے۔
بابا صدیقی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اُن کے انڈر ورلڈ سے بھی تعلقات تھے۔ بشنوئی برادری نے ان کے قتل کی ذمہ داری کا دعوٰی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر اس شخص کو نشانہ بنائے گی جس کے سلمان خان سے تعلقات ہیں۔
سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ بشنوئی برادری معافی کے لیے تجاویز اور شرائط بھی پیش کرتی رہی ہے۔ پہلے کہا گیا تھا کہ سلمان خان کو بشنوئی برادری کے مقام مکتی دھام مندر میں آکر معافی مانگنا ہوگی اور عہد بھی کرنا ہوگا کہ وہ پھر کبھی جنگلی حیات کو نشانہ نہیں بنائیں گے بلکہ اُس کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔
اب واٹس ایپ کے ذریعے ممبئی ٹریفک پولیس کو بشنوئی برادری سے تعلق رکھنے والے لارنس بشنوئی گینگ کا واٹس ایپ پیغام ملا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان کو پانچ کروڑ روپے (16 کروڑ 50 لاکھ پاکستانی روپے) کا ہرجانہ یا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ یہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں سلمان خان کو بخشا نہیں جائے گا۔

