دمشق: شام کے شہر بیعت جن اور اس کے قریبی علاقے میں اسرائیلی حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہت سے لوگ اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں اور شہری انہیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، دمشق کے اسپتالوں کی ٹیمیں اور ایمبولینسز زخمیوں کا علاج اور ہلاک شدگان کو منتقل کرنے کے لیے علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ حملے کے دوران چھ فوجی زخمی ہوئے، جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے، اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس نے جماعة اسلامیہ کے کچھ افراد کو گرفتار کیا، جن پر علاقے میں حملے کرنے کا الزام ہے۔
حملے کے بعد درجنوں خاندان محفوظ علاقوں کی جانب ہجرت کر گئے۔ شام کی حکومت نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اسرائیلی فوج نے نومبر میں جنوبی شام میں کئی کارروائیاں کی ہیں، اور دسمبر 2024 سے اب تک ایک ہزار سے زائد فضائی حملے اور 400 سے زائد سرحد پار آپریشن کیے ہیں۔ بشار الاسد کے نظام کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے گولان ہائیٹس کے کچھ علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے، جو 1974 کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
