English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق میں 35 سال بعد یونان کی پہلی پرواز بغداد پہنچی

القمر

بغداد: عراق میں 35 سال بعد یورپی ملک یونان کی پہلی پرواز بغداد کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی ہے،  عراق کی وزارت ٹرانسپورٹ نے اس تاریخی واقعے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونان کی پرواز کی آمد عراق کے سول ایوی ایشن شعبے کی بحالی کے مرحلے کی علامت ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر بغداد اور ایتھنز کے درمیان فضائی سلسلہ ہفتے میں دو پروازوں پر مشتمل ہوگا، جس میں مسافروں کی تعداد اور طلب کے مطابق اضافہ یا کمی کی جا سکے گی،  یہ قدم عراق میں بین الاقوامی فضائی رابطوں کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ عراق کے کویت پر حملے کے بعد 1990 میں یورپی فضائی کمپنیوں نے عراق کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں، اور تب سے یہ ملک یورپی فضائی رابطوں سے تقریباً محروم رہا۔ تاہم عراق کی حکومت اب غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہی ہے تاکہ معیشت میں بہتری لائی جا سکے۔

یاد رہے کہ اس سال یونان نے شمالی کردستان کے خودمختار علاقے میں بھی اپنی پروازیں شروع کی تھیں، اور اب بغداد میں بھی اسی سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ عراق میں بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کے لیے بیرون ملک سفر کے مواقع بھی بڑھ جائیں گے۔

یہ پیش رفت عراق میں امن اور اقتصادی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے ملک میں بین الاقوامی رابطوں اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے