لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق اعلیٰ پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) نے بھی کیس کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمہ کے مبینہ شوہر سابق پولیس انسپیکٹر رانا اکرام کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سابق انسپیکٹر سے نیٹ ورک اور مبینہ روابط کے حوالے سے سوالات کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ کو لاہور منتقل کرنے کا امکان بھی زیر غور ہے، جہاں پہلے سے درج مقدمات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید یہ کہ کوٹ لکھپت میں درج کیس میں ملزمہ کو اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا، جس پر قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا، جبکہ اس کے نیٹ ورک سے متعلق پہلے ہی کئی انکشافات سامنے آ چکے ہیں۔ لاہور پولیس کے مطابق 2022 میں شاداب کالونی کے ایک کیس میں اس کے بھائی ریاض بلوچ کو بھی منشیات کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ کیس مزید وسیع ہوتا جا رہا ہے۔
