کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔
شہر کے باسیوں کا کہنا ہے کہ بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور بجلی مختصر وقت کے لیے آتی ہے جبکہ طویل دورانیے تک غائب رہتی ہے۔
شہریوں کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد اور گلشن اقبال سمیت متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ اس کے علاوہ لیاقت آباد سی ون ایریا، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ اور پاک کالونی کے مکین بھی مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث شدید گرمی اور حبس میں پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش نے زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ بجلی نہ ہونے کی صورت میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے جس سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں فنی خرابیوں اور لائن لاسز کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
تاہم شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
