ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جموں سری نگرریلوے روٹ پر جلد تیسری وندے بھارت ٹرین شروع ہوگی: ڈاکٹرجتیندر سنگھ

جموں/مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں اور سری نگر کے درمیان تیسری وندے بھارت ٹرین جلد شروع کی جائے گی، جسے انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزارتِ ریلوے نے عوام کے مطالبے کے بعد ادھم پور میں وندے بھارت ٹرین کے اسٹاپ کی منظوری بھی دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادھم پور میں ٹرین کے اسٹاپ کی منظوری خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ وہاں ٹرین کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس پیش رفت پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزارتِ ریلوے اور وزیر ریلوے کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جموں و کشمیر میں ریلوے نیٹ ورک کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب 1972 میں جموں ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا تھا تو اس کے بعد ریلوے نیٹ ورک کو خطے کے مزید علاقوں تک پہنچنے میں تقریباً پانچ دہائیاں لگ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ریلوے رابطے میں تیزی آئی اور ریلوے نیٹ ورک کو پہلے کٹھوعہ، پھر ادھم پور اور اس کے بعد کشمیر وادی تک توسیع دی گئی۔
ڈاکٹرجتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے اور پیچیدہ جغرافیائی حالات کی وجہ سے کشمیر وادی تک ریلوے رابطہ ایک وقت میں انتہائی مشکل سمجھا جاتا تھا، تاہم متعدد چیلنجز کے باوجود یہ منصوبہ مکمل کیا گیا۔
انہوں نے ریاسی میں دریائے چناب پر تعمیر کیے گئے دنیا کے بلند ترین ریلوے پل کو بھی ایک اہم انجینئرنگ کامیابی قرار دیا۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ جموں سے سری نگر تک ٹرین کا سفر اب سیاحوں کے لیے بھی ایک خاص کشش بن چکا ہے، اور بڑی تعداد میں سیاح ریل کے ذریعے جموں سے سری نگر کا سفر کرتے ہوئے راستے میں موجود قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں