مقبوضہ کشمیرمیں صحت کی سہولیات کی ابتر صورتحال
مقبوضہ کشمیر،ڈی سی کی ڈاکٹر سے بدتمیزی، ڈاکٹرز نے ہڑتال کر دی
سرینگر )ساوتھ ایشین وائر(ایسے وقت میں جب دنیا بھر کے ہسپتالوں کو وینٹیلیٹرز کی شدیدضرورت ہے ، گورنمنٹ میڈیکل کالج ، سری نگر نے ایک این جی او کے عطیہ کردہ 6 وینٹی لیٹرز واپس کردئے۔ جن کی لاگت قریباً 39 لاکھ روپے ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وینٹیلیٹرز کی بہت ضرورت ہے لیکن ان سے پہلے ، ہمیں عملے اور بستروںکی ضرورت ہے۔حکومتی ترجمان روہت کنسل نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
وادی میں سات ملین سے زیادہ آبادی کے لئے ، شدید بیمار مریضوں کے لئے 100 کے قریب وینٹیلیٹرز ہیں۔ وادی کے اعلی ترین ہسپتال، شیری کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) میں 40 وینٹیلیٹر ہیں ۔ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں 18 وینٹیلیٹرز ہیں ، اور سینے کے امراض کے ہسپتال میں میں 16 وینٹی لیٹر ہیں۔ بچوں کے ہسپتال میں دس ، لال ڈیڈ میموریل میٹرنٹی ہسپتال اور بون اینڈ جوائنٹس ہسپتال میں دو دووینٹی لینٹرز ہیں۔
اننت ناگ میں جنوبی کشمیر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں دو وینٹیلیٹر ہیں ، جبکہ شمالی کشمیر کے جی ایم سی اسپتال میں تین ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ میں چار وینٹیلیٹر ہیں۔ کپواڑہ اور بانڈی پورہ ضلعی اسپتالوں میں وینٹی لیٹر نہیں ہے۔
وادی میں COVID-19 پھیلنے کے بعد سے ، ایک غیر سرکاری تنظیم آتروٹ نے ان خاندانوں کو طبی اور تعلیم کے علاوہ ، ماہانہ گھریلو مدد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے ، جن کے مرد ارکان جسمانی طور پر معذورہو چکے ہیں۔ یہ تنظیم غریبوں کو ایمبولینس ، نیبولائزرز اور آکسیجن مشینیں مفت مہیا کرتی ہے۔القمرآن لائن کے مطابق حکومت نے ایک بیان جاری کرنے کے بعد یہ کہتے ہوئے وینٹیلیٹرز این جی او کو واپس کردئے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے طبی سامان کی کوئی کمی نہیں ہے۔ محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت وینٹیلیٹرز کی تعداد 223 ہے ، جن میں سے 91 جموں میں اور 132 کشمیر میں ہیں اور 400 مزید وینٹیلیٹرزکا آرڈر دیا گیاہے۔
اس دوران، ڈی سی بانڈی پورہ نے حاجن میں فون پر ایک سینئر ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی جس کے بعد حاجن بلاک میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ڈاکٹر مظفر زرگر نے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب ڈی سی بانڈی پورہ نے عملے کے ساتھ بد سلوکی کی۔ انہوں نے کہا ، اس کے باوجود حاجن بلاک موجودہ کوویڈ 19 بحران کے دوران دن رات کام کر رہا ہے ، لیکن اس بلاک کو ضلعی انتظامیہ کا موثر تعاون نہیں مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاک کا پورا طبی عملہ اس وقت تک اپنی ہڑتال جاری رکھے گا جب تک کہ اعلی اتھارٹی کے ذریعہ مزید تحقیقات نہیں ہوجاتیں۔ انہوں نے ڈی سی بانڈی پورہ کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری طور پر ان کی معطلی کا مطالبہ کیا۔القمرآن لائن کے مطابق ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ،شہباز مرزا نے مذکورہ معاملے کے بارے میں بار بار فون کرنے پر بھی جواب نہیں دیا۔ بانڈی پورہ کے حاجن بلاک میں کیسوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
